پنجاب کی ترقی اورعوامی ریلیف،مسلم لیگ(ن) اور پیپلز پارٹی میں معاہدہ فائنل
مسلم لیگ (ن) اورپیپلزپارٹی نےپنجاب کی ترقی اورعوامی ریلیف کےلیےسیاسی تعاون جاری رکھنےپراتفاق کیا ہے
لاہور(کھوج نیوز)پنجاب کی ترقی اورعوامی ریلیف،مسلم لیگ(ن) اورپیپلز پارٹی میں معاہدہ فائنل ہوگیا۔رپورٹ کے مطابق مسلم لیگ (ن) اورپیپلزپارٹی نےپنجاب کی ترقی اورعوامی ریلیف کےلیےسیاسی تعاون جاری رکھنےپراتفاق کیا ہے۔ لاہورمیں مسلم لیگ (ن) اورپیپلزپارٹی کی کوآرڈی نیشن کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں پی پی کی نمائندگی حسن مرتضیٰ،ندیم افضل چن اورحیدرگیلانی نےجبکہ وزیراعلیٰ پنجاب کی نمائندگی سینئر وزیرمریم اورنگزیب نےکی۔
دونوں جماعتوں کے رہنماؤں کا کہنا ہےکہ کسانوں، زراعت، نوجوانوں سمیت دیگرطبقات کےلیےاسکیموں میں مل کر آگے بڑھا جائےگا۔ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ اتحادی جماعتوں کو ساتھ لےکر چلنے کی پالیسی پر کاربند ہیں۔ حسن مرتضیٰ کا کہنا تھا کہ اختلاف رائے ہمارا بنیادی حق ہے، عوامی ایشوز کو مل کر حل کرنے پر اتفاق کرتے ہیں۔
پی پی رہنماؤں نے عوام کی ترقی کے لیے وزیر اعلیٰ مریم نواز کے اقدامات کو سراہا، رہنماؤں کا کہنا تھا کہ عوام کو سولر سسٹم کی فراہمی میں اشتراک عمل سے آگے بڑھا جائے گا۔ موسمیاتی چیلنجز سے نمٹنے، امن و امان اور آئی ٹی کے فروغ کے لیے بھی تعاون جاری رہے گا۔
علی حیدر گیلانی کا کہنا تھا کہ عوامی ریلیف کے فارمولے پر اتفاق کرنے پر وزیراعلیٰ اور پی ایم ایل این کے مشکور ہیں، رکاوٹوں کو دور کرکے آگے بڑھنے سے ہی عوام کو اتحادی حکومت کے ثمرات ملیں گے۔