پنجاب کی صدارت کا معاملہ، پی ٹی آئی رہنمائوں میں نہ ختم ہونے والی دوڑ شروع
پنجاب کی صدارت کیلئے اہم امیدواروں میں احمد چٹھہ، شیخ وقاص اکرم، بلال اعجاز شامل ہیں جبکہ لطیف کھوسہ بھی پنجاب کی صدارت حاصل کرنے کے لیے کوششیں کر رہے ہیں
لاہور (کھوج نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے پنجاب کے صدر حامد اظہر کی جانب سے استعفیٰ دینے کے بعد صدارت کا عہدہ لینے کے لیے پی ٹی آئی کے رہنماؤں کے درمیان نہ ختم ہونیوالی دوڑ شروع ہو گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ذرائع نے بتایا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں نے پنجاب کی صدارت حاصل کرنے کے لیے لابنگ شروع کردی ہے۔ اہم امیدواروں میں احمد چٹھہ، شیخ وقاص اکرم، بلال اعجاز شامل ہیں جبکہ لطیف کھوسہ بھی پنجاب کی صدارت حاصل کرنے کے لیے کوششیں کر رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق شیخ وقاص اکرم کو وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور اور عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کی حمایت حاصل ہے۔ علی امین گنڈاپور پنجاب میں متحرک ہونے کی وجہ سے شیخ وقاص اکرم کی حمایت کر ہے ہیں جبکہ علیمہ خان حماد اظہر کی مخالفت میں شیخ وقاص اکرم کو پنجاب کی صدارت دینے کی حمایت میں کھڑی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب کی تنظیم کی جانب سے شیخ وقاص اکرم کے نام پر شدید مخالفت کی جارہی ہے۔ اس مخالفت کی بڑی وجہ شیخ وقاص اکرم کا ورکرز کے ساتھ رابطے میں نہ ہونا اور پاکستان تحریک انصاف میں پرانے لوگوں کو نظر انداز کیے جانے کا خدشہ بتایا جارہا ہے۔ گوجرانوالہ سے رکن قومی اسمبلی احمد چٹھہ پنجاب کے صدر بننے کے لیے مضبوط امیدوار کے طور پر دیکھے جارہے ہیں۔ حامد ناصر چٹھہ کے فرزند احمد چٹھہ تحریک انصاف کے پرانے ورکر ہیں اور وہ کارکنوں کے ساتھ رابطوں اور متحرک کردار ادا کرنے کے طور پر بھی جانے جاتے ہیں۔ گراس روٹ لیول پر بھی احمد چٹھہ کو حمایت حاصل ہے۔ گوجرانوالہ سے رکن قومی اسمبلی چوہدری بلال اعجاز بھی پنجاب کے صدر بننے کی دوڑ میں شامل ہیں۔ بلال اعجاز جارحانہ مزاج وجہ شہرت ہے۔ سینئر قانون دان لطیف کھوسہ بھی پی ٹی آئی پنجاب کے صدر بننے کی خواہش رکھتے ہیں تاہم ان کے صدر بنائے جانے کے امکانات کم ہیں۔