پی ٹی آئی میں اندرونی اختلافات، حماد اظہر کے بعد مزید 2رہنماء کا پارٹی عہدوں سے استعفیٰ
حامد اظہر کے بعد چوہدری اصغر گجر نے پی ٹی آئی لاہور کی صدارت جبکہ پی ٹی آئی لاہور کے جنرل سیکرٹری حافظ ذیشان رشید بھی اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے ہیں
اسلام آباد(کھوج نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) میں اندرونی اختلافات شدت اختیار کر گئے ہیں جس کی وجہ سے حماد اظہر کے بعد مزید 2رہنمائوں نے پارٹی عہدوں سے استعفیٰ دیدیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کے رہنما حماد اظہر کے بعد مزید 2 رہنماوں نے پارٹی عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ پی ٹی آئی رہنما چوہدری اصغر گجر نے تحریک انصاف لاہور کی صدارت چھوڑنے کا اعلان کردیا، جبکہ پی ٹی آئی لاہور کے جنرل سیکرٹری حافظ ذیشان رشید بھی اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے۔ چوہدری اصغر کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کیلئے جدوجہد میں ساتھ دینے پر کارکنوں کا مشکور ہوں۔ پی ٹی آئی رہنما نے یہ بھی کہا کہ امید ہے آنے والا صدر مجھ سے بھی بہتر جدوجہد کرے گا۔
اپنے بیان میں حماد اظہر کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے میری بانی پی ٹی آئی تک رسائی نہیں ہے، پنجاب کی تنظیم میں بہت سارے ایسے فیصلے ہوئے جن پر نہ تو میری رائے شامل تھی اور نہ ہی رضا مندی۔یاد رہے کہ اس سے قبل حماد اظہر نے صدر پی ٹی آئی پنجاب کے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا۔