پی ٹی آئی پر پابندی لگائی گئی تو حکومت کو گھر جانا پڑے گا: علی امین گنڈا پور کی دھمکی
پی ٹی آئی پر کسی کا باپ بھی پابندی نہیں لگاسکتا' یہ لوگ خود مینڈیٹ چوری کرکے بیٹھے ہیں، ہماری جماعت پر پاپندی لگانے کی بات کر رہے ہیں جس نے سب سے زیادہ ووٹ لیے
پشاور (کھوج نیوز) پاکستان تحریک انصاف کی جماعت پر پابندی لگائی گئی تو حکومت کو گھر جانا پڑے گا، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے حکومت کو خطر ناک نتائج کی دھمکی لگا دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے وفاقی حکومت کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پر پابندی کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی پر کسی کا باپ بھی پابندی نہیں لگاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ یہ لوگ خود مینڈیٹ چوری کرکے بیٹھے ہوئے ہیں، اس سیاسی جماعت پر پاپندی لگانے کی بات کر رہے ہیں جس نے سب سے زیادہ ووٹ لیے۔
پشاور میں وزیراعلی علی امین گنڈاپور نے سپریم کمانڈ پوسٹ کوہاٹی گیٹ کا دورہ کیا اور محرم الحرام کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔انہوں نے کہا کہ مخصوص نشستوں کے حوالے سے ہمارے مؤقف کی جیت ہوئی، سپریم کورٹ کا شکریہ کہ آئین کے مطابق فیصلہ دیا، اب چیف الیکشن کمشنر کو مستعفی ہونا چاہیے۔ علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ ایڈہاک ججز کی تعیناتی کے حق میں نہیں، اسمبلی میں اس پر بات کریں گے، ایڈہاک ججز لینے کے بجائے میرٹ پر ججز کی تقرری ہونی چاہیے۔ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ سیاسی جماعتیں ایک بیان دے کر مقبولیت لینا چاہتی ہیں، سیاسی جماعتیں ایک مقف کے ساتھ کھل کر سامنے آئیں۔وزیر اعلی کے پی نے کہا کہ مذاکرات کے حوالے سے بانی پی ٹی آئی فیصلہ کریں گے۔ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ساتھ اب بھی زیادتی ہورہی ہے، ہمارا بنیادی حق نہیں دیا جارہا ہے، ہمارا نشان لیا گیا، ہم پر جعلی ایف آئی آر درج ہوئیں۔