چہلم امام حسین، مجالس اور جلسے جلوس، سکیورٹی کے سخت انتظامات، فون سروس اور انٹرنیٹ بند
چہلم امام حسین کے جلوسوں کی سکیورٹی کیلئے ہزاروں پولیس اہلکاروں و افسران تعینات 'لاہور میں چہلم شہدائے کربلا کا مرکزی جلوس حویلی الف شاہ دہلی دروازہ سے برآمد ہوگا
لاہور(کھوج نیوز) لاہور اور کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں چہلم امام حسین کے موقع پر مجالس اور جلسے جلوس جاری ہیں جبکہ اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کے ساتھ ساتھ فون سروس اور انٹرنیٹ بھی بند ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کراچی اور لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں چہلم امام حسین کے جلوسوں کی سکیورٹی کیلئے ہزاروں پولیس اہلکاروں اور افسران کو تعینات کیا گیا ہے۔ لاہور میں چہلم شہدائے کربلا کا مرکزی جلوس حویلی الف شاہ دہلی دروازہ سے برآمد ہوگا۔ کراچی اور حیدر آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں چہلم امام حسین کے موقعے پر سکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر موبائل فون سروس اور انٹرنیٹ بند کردیا گیا۔ کراچی اور حیدر آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں گزشتہ شب 12 بجے سے ہی انٹرنیٹ اور موبائل نیٹ ورک بند ہیں۔ کراچی میں چہلم امام حسین رضی اللہ عنہ کا مرکزی جلوس نشتر روڈ سے نکلے گا جو اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ کھارادر پر اختتام پذیر ہوگا۔ کوئٹہ میں چہلم کا مرکزی جلوس علمدار روڈ سے برآمد ہوگا۔ جلوس کے مقررہ راستوں پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔