چین اور امریکہ پاکستان کیلئے کیوں ضروری ہیں؟ احسن اقبال سے واضح کر دیا
پاکستان امریکہ کے ساتھ تجارت کا فروغ اور ٹیکنالوجی کا حصول چاہتا ہے اور چاہتے ہیں کہ پاکستان کی ترقی کا سافٹ ویئر امریکہ سے حاصل کیا جائے: احسن اقبال
اسلام آباد(کھوج نیوز) پاکستان کے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے واضح الفاظ میں کہا ہے کہ چین اور امریکہ پاکستان کی ترقی کے لئے بہت ضروری ہیں اور یہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا تھا کہ چین کو ادراک ہے کہ پاکستان میں ان کے ورکرز پر حملے وہ عناصر کر رہے ہیں جو پاک چین اشتراک کے دشمن ہیں۔ اسی لیے بیجنگ نے اعلان کر رکھا ہے کہ حملوں کے نتیجے میں پاک چین تعاون نہ رک سکتا ہے نہ سست ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان امریکہ و چین کے درمیان تعلقات میں توازن رکھنا چاہتا ہے اور اس ضمن میں زیادہ مشکل نہیں ہوگی کیوں کہ اسلام آباد دونوں ملکوں سے روابط کی ایک تاریخ رکھتا ہے۔ احسن اقبال کے بقول پاکستان کی کوشش ہے کہ تمام دوست ممالک سے تعلقات کو بڑھایا جائے جس کی بنیاد جیو اکنامکس ہے۔ پاکستان امریکہ کے ساتھ تجارت کا فروغ اور ٹیکنالوجی کا حصول چاہتا ہے اور چاہتے ہیں کہ پاکستان کی ترقی کا سافٹ ویئر امریکہ سے حاصل کیا جائے۔