ڈپٹی جیل سپرنٹنڈنٹ محمد اکرم وعدہ معاف گواہ بننے کے لئے تیار
اڈیالہ جیل کے سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ محمد اکرم بانی پی ٹی آئی عمران خان اور جنرل (ر) فیض حمید کے خلاف وعدہ معاف گواہ بننے کے لئے تیار ہو گئے ہیں
راولپنڈی (کھوج نیوز) بانی پی ٹی آئی عمران خان کی سہولت کاری کے الزام میں ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل محمد اکرم کے متعلق حیران کن انکشاف سامنے آیا ہے کہ وہ وعدہ معاف گواہ بننے کیلئے تیار ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی سہولت کاری کے الزام میں سابق ڈی جی آئی ایس آئی جنرل (ر) فیض حمید کی گرفتاری کے بعد ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل محمد اکرم کو بھی گرفتار کرلیا گیا تھا ۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ اڈیالہ جیل کے سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ محمد اکرم بانی پی ٹی آئی عمران خان اور جنرل (ر) فیض حمید کے خلاف وعدہ معاف گواہ بننے کے لئے تیار ہو گئے ہیں۔
واضح رہے کہ سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل محمد اکرم کی بازیابی سے متعلق دائر درخواست پر سماعت ہوئی۔ ذرائع کے مطابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل اڈیالہ محمد اکرم لاپتہ کیس کی سماعت لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ کے جج جسٹس رضا قریشی نے کی۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے مؤقف اپنایا کہ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل آئی ایس آئی یا ایم آئی کی تحویل میں نہیں، اس موقع پر سی پی او نے بھی جیل بابت لاعلمی کا بیان حلفی جمع کرا دیا۔ وزارت دفاع کی طرف سے بھی عدالت میں تحریری بیان داخل کیا گیا۔
ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس، آئی بی سمیت دیگر اعلی حکام نے اپنے بیانِ حلفی جمع کروایا اور کہا کہ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل اڈیالہ محمد اکرم کسی بھی صوبائی یا وفاقی ایجنسی کی تحویل میں نہیں ہیں۔ عدالت نے سی پی او کو کیس بابت سپرنٹنڈنٹ جیل اڈیالہ کا بیان ریکارڈ کرنے کا حکم دیا اور کیس کوخود دیکھنے کی ہدایت کی۔ کیس کی ایف آئی آر درج ہوگئی کیا اب یہ پٹیشن مزید سماعت قابل ہے؟ پٹیشنر سے دلائل طلب کرتے ہوئے سماعت 27 اگست تک ملتوی کردی گئی۔ اس موقع پر تمام ایجنسیوں کے نمائندے سرکاری وکلا پٹیشنر بھی کمرہ عدالت موجود تھے۔