ڈیجیٹل دہشت گردی پھیلانےوالوں کو لگام ناڈالی گئی تو؟صحافی اورتجزیہ کارسلیم صافی نےبڑے خطرے سےآگاہ کردیا
صحافی اور تجزیہ کار سلیم صافی نے ایک قومی روزنامہ میں لکھے گئے اپنے کالم میں لکھا ہے کہ ایک پاکستانی کو بھی سائبر دہشت گردی کے الزام پر پاکستانی پولیس نے حراست میں لیا ہے
اسلام آباد(ویب ڈیسک) صحافی اور تجزیہ کار سلیم صافی نے ایک قومی روزنامہ میں لکھے گئے اپنے کالم میں لکھا ہے کہ ایک پاکستانی کو بھی سائبر دہشت گردی کے الزام پر پاکستانی پولیس نے حراست میں لیا ہے۔ الزام ہے کہ انہوں نے غلط معلومات پھیلانے میں کردار ادا کیا جس کے نتیجے میں برطانیہ میں بڑے پیمانے پر فسادات ہوئے۔ یہ بھی الزام ہے کہ مذکورہ شخص نے ایک ویب سائٹ پر مضمون شائع کیا، جس میں حملہ آور کا جھوٹا نام رپورٹ کیا گیا اور اس کو مسلمان ٹھہرایا۔ یہ چینل یا ویب سائٹ ان اولین ذرائع میں شامل تھےجنہوں نے حملہ آور کا جھوٹا نام رپورٹ کیا۔ ان پر یوٹیوب اور فیس بک کے ذریعے بھی غلط معلومات پھیلانے کا الزام لگایا گیا ہے۔ یہ آن لائن غلط معلومات اور سیاسی طور پر محرک تشدد کا پہلا واقعہ نہیں ہے بلکہ روہنگیا میں نسل کشی سمیت 6جنوری 2021کو امریکی کیپٹل ہل پر حملے اور دنیا بھر میں اس طرح کے اور کئی دیگر واقعات کو جنم دینے میں سوشل میڈیا نے بنیادی کردار ادا کیا۔
مکرر عرض ہے کہ یہ سب کچھ ان ممالک میں ہوا جہاں لوگ مہذب سمجھے جاتے ہیں، تعلیم کی شرح زیادہ ہے اور قانون پر سختی سے عمل کیا جاتا ہے جس کی مثال برطانیہ کے حالیہ فسادات ہیں کہ ایک ماہ بھی نہیں گزرا اور سینکڑوں لوگوں کو سزائیں مل گئیں لیکن ہمارے ہاں تو جہالت بھی زوروں پر ہے اور قانون کا خوف بھی نہیں۔ سوشل میڈیا اگر اسی طرح استعمال ہوتا رہا تو کسی بھی وقت یہ بہت بڑے فساد کو جنم دے سکتا ہے اس لئے قبل اس کے کہ ایسا ہو سوشل میڈیا کو کنٹرول کرنا ضروری ہے۔ مطلب ہر گز یہ نہیں کہ سوشل میڈیا پر پابندی لگائی جائے بلکہ اسے قاعدے اور ضابطے کا پابند بنانا چاہئے۔