ڈی جی آئی ایس پی آر ایک بار پھر سانحہ 9مئی کے اپنے مؤقف پر ڈٹ گئے
قانون ڈیجیٹل دہشتگردی کیخلاف مؤثر کام نہیں کر رہا، جو ڈیجیٹل دہشتگرد باہر بیٹھ کر بات کر رہے ہیں وہ بے ضمیر لوگ ہیں، اور پیسوں کے لیے اداروں کیخلاف بات کرتے ہیں
راولپنڈی(کھوج نیوز) ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا ہے کہ 9 مئی سے متعلق فوج کا بڑا واضح مؤقف ہے، اس مؤقف میں نہ کوئی تبدیلی آئی ہے نہ آئیگی۔
تفصیلات کے مطابق ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا کہ قانون ڈیجیٹل دہشت گردی کے خلاف مؤثر کام نہیں کر رہا، جو ڈیجیٹل دہشتگرد باہر بیٹھ کر بات کر رہے ہیں وہ بے ضمیر لوگ ہیں، جو پیسوں کے لیے ملک عوام اور اداروں کے خلاف بات کرتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ایک مافیا نہیں چاہتا ملک اور عوام ترقی کریں، اس مافیا کی کوشش ہے کہ عوام ترقی نہ کرسکیں اور وہ عوام کا استحصال کرے، بلوچستان کے سرحدی علاقوں کے لوگوں کا انحصار ایران سے تجارت پر ہے، اگر ایرانی سرحد بالکل بند کردیں گے تو مافیا کو فوج کیخلاف بات کرنیکا موقع ملیگا، کوشش ہے ایران سے پiٹرول کی اسمگلنگ جتنا ممکن ہو کم کی جائے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بلوچ یکجہتی کمیٹی اور اس کی نام نہاد قیادت دہشت گرد تنظیموں کی پراکسی ہے، یہ بیرونی فنڈنگ اور بیانیے پر جتھے کو جمع کرکے انتشار پھیلاتے ہیں، ان کے بیرونی سرپرست انسانی حقوق کے نام پر ان کی مدد کرتے ہیں، بلوچ راجیئے مچی کی یہ پراکسی بے نقاب ہوچکی۔