پاکستان

ڈی چوک میں پی ٹی آئی کا ممکنہ احتجاج، جڑواں شہر سیل، فوج طلب

تمام اہم مقامات، داخلی و خارجی راستوں، موٹروے، جی ٹی روڈ، کنٹینرز و خاردار تاروں سے سیل، موبائل، میٹرو بس سروس بند، شہریوں کو مشکلات کا سامنا، کئی شہری گرفتار

اسلام آباد/راولپنڈی (کھوج نیوز ) پی ٹی آئی کے ڈی چوک میں ممکنہ احتجاج کے پیش نظر جڑواں شہروں میں دفعہ 144 کا نفاذ کرتے ہوئے فوج طلب کرلی گئی، شہر کے تمام اہم مقامات، داخلی و خارجی راستے، موٹروے، جی ٹی روڈکنٹینرز و خاردار تاروں سے سیل کر کے پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی، موبائل سروس بھی معطل،میٹرو بس سروس،راستوں کی بندش سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ ا۔

تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے ڈی چوک میں ممکنہ احتجاج کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت اور راولپنڈی کی انتظامیہ نے شہروں میں دفعہ 144 کا نفاذ کرتے ہوئے ڈبل سواری،ہر قسم کے احتجاج، جلسے، جلوس اور مظاہرے پر پابندی عائد کردی۔ دونوں شہروں کے تمام اہم مقامات، داخلی و خارجی راستے کنٹینرز و خار دار تاریں لگا کر سیل کر کے پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے جبکہ کابینہ کی منظوری کے بعد فوج بھی طلب کرلی گئی ہے۔وزارت داخلہ کے احکامات پر جڑواں شہروں میں موبائل اور موبائل انٹرنیٹ بھی سروس بند کردی گئی ہے،راستوں کے ساتھ ساتھ میٹرو سروس بند ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ فیض آباد کے مقام پر کنٹینرز کی ڈبل لیئر جبکہ زیرو پوائنٹ پر 20 فٹ تک اونچی کنٹینرز کی دیوار کھڑی کر دی گئی ہے،سرینگر ہائی وے پر زیرو پوائنٹ سے ریڈ زون میں داخلہ ناممکن بنا دیا گیا، اسلام آباد ایکسپریس وے کھنہ پل سے فیصل مسجد تک مختلف مقامات پر سیل کر دی گئی، ڈی چوک،سرینا چوک، نادرا چوک پر بھی کنٹینرز کھڑے کر دیئے گئے ہیں۔

لاہور سے اسلام آباد کے داخلی و خارجی راستے بند کر کے پولیس کی نفری ٹھوکر نیاز بیگ اور بابو صابو انٹرچینج پر تعینات کردی گئی ہے۔ راولپنڈی پشاورروڈ چیئرنگ کراس کو بھی دونوں اطراف سے بند کردیا گیا،پشاور روڈ،ایم ایچ چوک،حیدر روڈ،فلیش مین چوک بھی دونوں طرف سے بند ہیں،مریڑچوک، ڈبل روڈ، مختلف مقامات پر مری روڈ، ترنول جی ٹی روڈ، موٹر وے،روات جی ٹی روڈ سے شہر میں داخلہ بند ہے، اسی طرح مری،کوٹلی ستیاں، کہوٹہ، ٹیکسلا،کلر سیداں سے راولپنڈی شہر کے راستے بھی مکمل سیل کردیئے گئے ہیں، شہر سے اڈیالہ جیل جانیوالے تمام راستے بھی مکمل طورپر بند ہیں۔ پنجاب حکومت نے راولپنڈی، لاہور، اٹک،سرگودھا، میانوالی سمیت مختلف شہروں میں دفعہ 144 کا نفاذکرتے ہوئے ڈبل سواری، احتجاج، جلسے، جلوسوں پر پابندی عائد کردی ہے جبکہ لاہور، راولپنڈی اور اٹک میں رینجرز طلب کرلی گئی ہے،دو رو ز سے جاری کریک ڈاؤن کے دوران مختلف شہروں میں کئی شہریوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔ادھر خیبرپختونخوا سے بھی قافلے ڈی چوک اسلام آباد جانے کیلئے تیار ہیں، خیبرپختونخوا کے قافلے ایم ون موٹروے پر جمع ہو کر صوابی جائیں گے جہاں سے قافلوں کی قیادت وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کرینگے، ورکرز کو بھرپور تیاری کیساتھ ڈی چوک جانے کی ہدایت کی گئی ہے۔پارٹی حکام کے مطابق آنس گیس سے بچنے کیلئے ماسک ودیگر انتظامات مکمل ہے،جتنے دن لگیں ڈی چوک پہنچیں گے، نوجوانوں کا تربیت یافتہ دستہ قافلوں سے پہلے جائے گا اورتمام رکاوٹوں کو بھاری مشینری سے کلیئر کرے گا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button