کیانوجوان آئندہ انتخابات کےنتائج پراثراندازہوسکیں گے؟تازہ ترین اعداد وشمارمنظرعام پر
ماہرین کا اندازہ ہے کہ پاکستان کے آنے والے انتخابات میں اس پارٹی کی کامیابی کے امکانات زیادہ ہوں گے جس کے ساتھ نوجوانوں کی تعداد زیادہ ہو گی۔

لاہور(کھوج نیوز)کیانوجوان آئندہ انتخابات کے نتائج پر اثرانداز ہوسکیں گے؟تازہ ترین اعداد و شمار منظرعام پر آگئے،رپورٹ کے مطابق انتخابی سیاست کے ماہرین کا اندازہ ہے کہ پاکستان کے آنے والے انتخابات میں اس پارٹی کی کامیابی کے امکانات زیادہ ہوں گے جس کے ساتھ نوجوانوں کی تعداد زیادہ ہو گی۔ یہ اندازہ تازہ ووٹر لسٹوں میں نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد اور لوگوں کی زندگیوں میں سوشل میڈیا کے بڑھتے ہوئے اثرکی بنیاد پر لگایا جا رہا ہے۔ تو کیا نوجوان رائے دہندگان کی بڑی تعداد ان انتخابات میں واقعی تبدیلی لانے میں کامیاب ہو جائیگی یا اس مرتبہ بھی انتخابی نتائج روایتی نظام سے متاثر رہیں گے؟
ایک سوال یہ بھی ہے کہ کیا یہ نوجوان پاکستان کے زیادہ تر دیہی علاقوں میں رائج اس برادری ازم پر حاوی ہو سکیں گے جو برسوں سے امیدواروں کے انتخاب میں کلیدی کردار ادا کرتا آیا ہے؟ پاکستان کے الیکشن کمیشن کے مطابق ملک میں آئندہ انتخابات کے لیے رجسٹرڈ ووٹروں میں سے 45 فیصد سے زائد نوجوان ہیں اور ان کی عمریں 35 سال سے کم ہیں۔ کل 12 کروڑ 69 لاکھ 80 ہزار 2 سو 72 ووٹرز میں سے 5 کروڑ 70 لاکھ 95 ہزار 1 سو 97 ووٹرز 35 سال سے کم ہیں جبکہ 2 کروڑ 77 لاکھ 94 ہزار سات سو آٹھ ووٹرز کی عمریں 36 سے 45 سال کے درمیان ہیں۔