یوسف رضا گیلانی کےخلاف سیاسی کیس بنایا گیا، فاروق ایچ نائیک کا انکشاف
چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے کہا ہے کہ یوسف رضا گیلانی کے خلاف سیاسی کیس بنایا گیا۔
اسلام آباد(کھوج نیوز) چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے کہا ہے کہ یوسف رضا گیلانی کے خلاف سیاسی کیس بنایا گیا۔ کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کے لیے یوسف رضا گیلانی کے خلاف کیسز بنائے گئے تھے۔ فاروق ایچ نائیک کا کہنا ہے کہ یوسف رضا کے خلاف 26 کیسز تھے جس میں 3 مکمل ہو چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 23 کیسز اس لیے نہیں چل سکے کے کچھ لوگوں نے سندھ ہائی کورٹ میں کیسز دائر کر رکھے ہیں۔ فاروق ایچ نائیک کا کہنا ہے کہ کسی بھی گواہ نے یوسف رضا گیلانی کا نام نہیں لیا ہے، تمام کیسز جھوٹے ہیں۔ واضح رہے کہ کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی نے کہا تھا کہ جنہوں نے مجھ پر کیس بنایا آج ہم انہیں ہی ووٹ دے رہے ہیں۔
یوسف رضا گیلانی نے کہا تھا کہ نمبر پورے ہوں گے تو بل پاس کریں گے، بل میں اصلاحات کی بات ہے، یہ جو بل پاس ہو رہا ہے وہ مخصوص بل نہیں ہے، اداروں کے سربراہوں کی مدتِ ملازمت سے متعلق بل پر نمبر پورے ہوئے تو بل منظور ہو جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے نمبرز سے متعلق قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں، مل کر کام کرنا ضروری ہے، ہم نے ملک کا سوچنا ہے، ذاتی مفاد کا نہیں، خارجہ امور کے معاملات وفاقی حکومت کا سبجیکٹ ہیں۔