چیئر مین سینٹ سے سعودی سفیر کی ملاقات ‘ اہم امور پر تبادلہ خیال
دونوں برادر ممالک کے درمیان مضبوط اور تاریخی تعلقات کا اعادہ اور دونوں ممالک کے مابین اقتصادی اور معاشی تعاون کو مزید بڑھانے پر اتفاق
اسلام آباد (کھوج نیوز، این این آئی)چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور علاقائی ترقی بارے تبادلہ خیال کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ملاقات میں دونوں برادر ممالک کے درمیان مضبوط اور تاریخی تعلقات کا اعادہ اور دونوں ممالک کے مابین اقتصادی اور معاشی تعاون کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔چیئر مین سینٹ نے کہاکہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوںنے کہاکہ مختلف بین الاقوامی فورمز پر برادر ملک سعودی عرب کاپاکستان کے موقف کی حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہاکہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور توانائی کے شعبوں میں موجودہ تعاون کو مزید بہتر بنانے کی ہے۔
صادق سنجرانی نے کہاکہ عالم اسلام میں سعودی عرب کے قائدانہ کردار اور علاقائی سلامتی و استحکام کے فروغ کیلئے کاوشوں کو سراہتے ہیں۔انہوںنے کہاکہ سعودی عرب نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا،پاکستان اور سعودی عرب متعدد علاقائی اور عالمی امور پر ہم آہنگی رکھتے ہیں۔ چیئرمین سینیٹ نے کہاکہ دونوں ممالک کے مابین مختلف شعبوں میں اسٹریٹجک اور وسیع البنیاد شراکت داری کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجو د ہیں برادر ملک اس سے استفادہ کریں،گوادراور سی پیک منصوبہ جات خطے کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں۔
چیئرمین سینیٹ نے کہاکہ گوادرنہ صرف پاکستان بلکہ خطے کیلئے معاشی حب ثابت ہوگا۔ چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہاکہ سعودی عرب میں مقیم20 لاکھ سے زائد پاکستانی دونوں ممالک کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ صادق سنجرانی نے کہاکہ پاکستانی عوام خادمین حرمین شریفین کی اچھی صحت اور درازی عمر کے لیے دعاگو ہیں۔ سعود ی سفیر نے کہاکہ پاکستان کے ساتھ دوطرفہ اور تجارتی تعلقات کو مزید بہتر بنانے کے خواہاں ہیں۔
پیپلز پارٹی نے شیخ رشید پر ایسا الزام عائد کر دیا کہ سیاسی مستقبل دائو پر لگ گیا