نگر نگر سے

محکمہ کسٹم کی کارروائی، لندن سے چوری ہونیوالی گاڑیاں برآمد

گاڑی اسے نوید بلوانی نامی شخص نے دلائی تھی جب کہ گاڑی کی تمام دستاویزات نومبر کے مہینے تک فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی تھی: ملزم

محکمہ کسٹم نے کارروائی کرتے ہوئے لندن سے چوری ہونے والی 2 گاڑیاں برآمد کر کے اپنی تحویل میں لے لی ہیں ، یہ کارروائی خفیہ اطلاع پر کی گئی۔

تفصیلا ت کے مطابق کسٹم انفورسمنٹ اینٹی اسمگلنگ کے افسران نے خفیہ اطلاع پر کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 2 میں چھاپہ مار کر ایک قیمتی گاڑی برآمد کرلی،گھر کے مالک کی شناخت جمیل شفیع کے نام سے ہوئی ہے۔ ملزم سے جب گاڑی کی دستاویزات طلب کی گئی تو اس نے بتایا کہ گاڑی اسے نوید بلوانی نامی شخص نے دلائی تھی جب کہ گاڑی کی تمام دستاویزات نومبر کے مہینے تک فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی تھی۔ کسٹمز حکام کی جانب سے نوید بلوانی کو بھی طلب کیا گیا تاہم نوید بلوانی تسلی بخش جواب نہ دے سکا، ادھر گاڑی پر لگی نمبر پلیٹ بھی جعلی نکلی ، جس کا کوئی ریکارڈ ایکسائز میں نہیں ملا۔

کسٹمز حکام نے جمیل شفیع اور نوید بلوانی کو گرفتار کرلیا ہے جب کہ نوید یامین اور دو نامعلوم افرادکے خلاف بھی تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے، برآمد ہونے والی گاڑی کو تحویل میں لیکر کسٹمز ویئر ہاس منتقل کردیا گیا ہے۔ کسٹمز حکام کے مطابق ڈیفنس کے گھر سے برآمد گاڑی لندن سے چوری ہوئی تھی اور اسے ایک یورپی ملک کے سفارت خانے کی جعلی دستاویزات پر پاکستان لایا گیا تھا۔ دوسری کارروائی میں کسٹمز حکام نے کلفٹن کی رہائشی عمارت میں چھاپہ مار کرکروڑوں روپے مالیت کی نان کسٹم پیڈگاڑی تحویل میں لے لی۔گاڑی لاک ہونے کے باعث اپنی جگہ سے ہل نہیں سکتی تھی جسے لفٹر کی مدد سے کسٹمز کے دفتر منتقل کردیا گیا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button

Adblock Detected

We Noticed You are using Ad blocker :( Please Support us By Disabling Ad blocker for this Domain. We don't show any popups or poor Ads.