پاکستان

کورونا کے بعد پاکستان کو سب سے بڑا خطرہ کس سے‘ شہباز شریف نے بتا دیا

ہم نے سیاست اور سیاسی مفادات کو اس وقت ترجیح نہیں دینی، سیاسی نقصان ہوتا ہے تو ہو جائے

پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف کا کہنا ہے کہ کورونا نے پوری دنیا کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ معیشت کی تباہی کورونا سے بھی بڑا خطرہ بن کر ظاہر ہو رہی ہے۔

پارٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر کا کہنا تھا کہ میاں نوازشریف کے دل کا انتہائی اہم اور حساس آپریشن ہونا ہے۔ اس کی تیاریاں مکمل ہیں اور آئندہ ہفتے یہ آپریشن متوقع ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم موجودہ صورتحال پرانتہائی دکھی ہیں کہ قوم کو صبرآزما حالات کا سامنا ہے، کڑے وقت میں قوم اورملک کی نگہبانی اور مفادات کے تحفظ کے لئے کاوشیں کریں، قوم کے ایک خادم، ایک رضاکار کے طورپر اپنا کردار ادا کرنا ہے۔

قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ کورونا نے پوری دنیا کو ہلا کر رکھ دیا ہے، قیمتی جانوں کو ضیاع ہورہا ہے، معیشت کی تباہی کورونا سے بھی بڑا خطرہ بن کر ظاہر ہو رہی ہے، ملک میں کورونا کے مریضوں کی تعدادمیں تیزی سے اضافہ پر قوم پریشان ہے۔ شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے سیاست اور سیاسی مفادات کو اس وقت ترجیح نہیں دینی، سیاسی نقصان ہوتا ہے تو ہو جائے لیکن ہم نے اپنے اصل ہدف پر نظر رکھنی ہے، اس وقت ہمارا اصل مقصد اپنی قوم کی بقا کی جنگ ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ آج ہم نے عوام کے خادم کا کردار ادا کرنا ہے، ہم نے بڑے بھائی، خیرخواہ کا کردار ادا کرنا ہے، یہ اجتماعی امتحان ہے۔ اس میں اجتماعی طورپر ہی ہم سرخرو ہوسکتے ہیں۔

Tags
Back to top button
Close