پاکستان

8ویں ہلاکت ،پاکستان میں متاثرین کی تعداد 1060 سے بڑھ گئی

ملک میں اس وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 1063 تک پہنچ گئی ہے

بدھ کو اسلام آباد، پنجاب، سندھ، بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں کووڈ-19 کے نئے مریض سامنے آنے کے بعد ملک میں اس وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 1063 تک پہنچ گئی ہے۔ اسلام آباد میں اب کورونا کے مریضوں کی تعداد 20 ہو گئی ہے جبکہ بدھ کی دوپہر پنجاب کے محکمۂ صحت کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق صوبے میں مزید 16 مریض سامنے آئے ہیں جس کے بعد وہاں متاثرین کی کل تعداد 312 ہو گئی ہے۔ ان متاثرین میں 176 ایران سے آنے والے زائرین ہیں جبکہ اس کے علاوہ 77 متاثرین کا تعلق لاہور، 21 کا گجرات، 19 کا جہلم، آٹھ کا گوجرانوالہ، تین کا ملتان سے ہے۔

اس کے علاوہ فیصل آباد اور راولپنڈی میں دو، دو جبکہ منڈی بہاوالدین، ناروال، رحیم یار خان اور سرگودھا میں ایک ایک مریض سامنے آیا ہے۔ سندھ کے محکمۂ صحت کے مطابق صوبائی دارالحکومت کراچی میں تین نئے مریض سامنے آنے کے بعد وہاں متاثرین کی تعداد 147 ہو گئی ہے جن میں سے 14 صحت یاب ہو گئے ہیں جبکہ ایک ہلاکت بھی ہوئی ہے۔ کراچی میں 94 افراد میں یہ وائرس مقامی طور پر منتقل ہوا ہے۔ سندھ میں اب تک مجموعی طور پر 413 متاثرین سامنے آ چکے ہیں اور سب سے زیادہ متاثرین سکھر میں بنائے گئے قرنطینہ میں ہیں جہاں ایران سے آنے والے 265 زائرین میں اب تک وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

بلوچستان میں بھی چیف سیکریٹری فضیل اصغر نے مزید چار افراد میں وائرس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ صوبے میں اب متاثرین کی تعداد 119 تک پہنچ گئی ہے۔ اس کے علاوہ خیبر پختونخوا میں 117، گلگت بلتستان میں 81 جبکہ پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں ایک متاثرہ شخص موجود ہے۔

Tags
Back to top button
Close