پاکستان

چینی ماڈل پربلوچستان میں کورونا کی روک تھام کا فیصلہ

بلوچستان کی صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں کورونا وائرس کی روک تھا م اوراس کے پھیلاؤ ختم کرنے کی منصوبہ بندی

بلوچستان کی صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں کورونا وائرس کی روک تھا م اوراس کے پھیلاؤ کی صورت میں شارٹ ٹرم، مڈٹرم اور لانگ ٹرم منصوبہ بندی کے لئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میںکورونا وائرس کے پھیلاؤ کوروکنے کے لئے چین اور جنوبی کوریا کے تجربات سے استفادہ حاصل کرنے کا فیصلہ کیا گیا جس کیلئے سول اورعسکری ادارے مشترکہ لائحہ عمل تیارکریں گے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان اورکمانڈرسدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل وسیم اشرف کی زیرصدارت منعقد ہونے والے صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال اوراس کی روک تھام کے لئے جاری اورمجوزہ اقدامات کا جائزہ لیا گیا جبکہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کوروکنے کے لئے دیرپا بنیادوں پرمشتمل اسٹریٹجی پربھی غورکرتے ہوئے اہم فیصلے کئے گئے۔ اجلاس میں کہا گیا کہ ڈاکٹراورطبی عملہ وائرس کی روک تھام کے لئے فرنٹ لائن پرہے، لہٰذا ان کے تحفظ کے لئے حفاظتی کٹس کی فراہمی کوبھی یقینی بنایا جائے گا۔

اجلاس میں صوبہ بھرکی جیلوں میں قیدیوں کے ٹیسٹ کرانے کے ساتھ ساتھ قانون کے مطابق پے رول اورجرمانے کی ادائیگی پران کی رہائی کا بھی جائزہ لیتے ہوئے محکمہ داخلہ کورپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی۔ کوئٹہ اوردیگر اضلاع میں اشیائے خوردونوش کی مسلسل دستیابی کو یقینی بنانے کے لئے فوڈ سیکورٹی ٹاسک فورس قائم کرکے عوام کوریلیف دینے کے لئے اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں استحکام برقراررکھنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ۔

اجلاس میں کورونا وائرس کی روک تھام کے لئے ماہرین طب اورڈبلیو ایچ اوکے ایکسپرٹ پرمشتمل ایڈوائزری کمیٹی کے قیام کا فیصلہ کیا گیا جبکہ ہزارہ ٹاؤن اور مری آباد میں آمدورفت محدود کرنے اوروہاں ٹیسٹنگ کی سہولیات کی فراہمی کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

Tags
Back to top button
Close