پاکستان

لاہور رنگ روڈ سدرن لوپ تھری کا منصوبہ شروع کرنیکا فیصلہ

لاہور رنگ روڈ اتھارٹی اور این ایل سی کے درمیان رواں ماہ دستخط ہونگے‘ تعمیراتی کام بارہ ماہ کے عرصہ میں مکمل کیا جائیگا

پنجاب حکومت نے لاہور رنگ روڈ سدرن لوپ تھری کا منصوبہ جلد شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے منصوبے کی تکمیل بارے منظوری دے دی ہے۔

تفصیل کے مطابق وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کے زیر صدارت لاہور رنگ روڈ اتھارٹی کا خصوصی اجلاس ہوا جس میں مشیر ڈاکٹر سلمان شاہ، چیف سیکرٹری، چیئرمین منصوبہ بندی وترقیات، سیکرٹری خزانہ، کمشنر لاہور اور دیگر حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں لاہور رنگ روڈ سدرن لوپ تھری کا منصوبہ جلد شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلی پنجاب نے منصوبے کی تکمیل بارے منظوری دے دی۔ لاہور رنگ روڈ اتھارٹی اور این ایل سی کے درمیان رواں ماہ دستخط ہوں گے۔ لاہور رنگ روڈ سدرن لوپ تھری رائیونڈ روڈ سے ملتان روڈ تک بنایا جائے گا۔ 8 کلومیٹر طویل لاہور رنگ روڈ سدرن لوپ تھری پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت بنایا جائے گا۔

رنگ روڈ سدرن لوپ تھری موٹر وے کی طرز پر 6 رویہ تعمیر کی جائے گی۔ یہ پراجیکٹ 12 ماہ میں مکمل ہوگا۔ سدرن لوپ تھری کا منصوبہ مکمل ہونے سے ناصرف لاہور میں ٹریفک کا دبا کم ہوگا بلکہ بیرونی ٹریفک کو بھی سہولت ہوگی۔ لاہور رنگ روڈ سدرن لوپ تھری پراجیکٹ این ایل سی اسے بنا کر آپریٹ بھی کرے گا۔ وزیراعلی عثمان بزدار نے لاہور سدرن لوپ فور کے منصوبے کی تیاری بھی جلد مکمل کرنے کا حکم دیدیا ہے۔ سدرن لوپ فور کے ذریعے ملتان روڈ سے ایم تھری تک لنک کیا جائے گا۔ سدرن لوپ فور بننے سے 90 کلومیٹر طویل لاہور رنگ روڈ کا منصوبہ کی تکمیل ہو جائے گی۔

Tags
Back to top button
Close