پاکستان

5 اگست پاکستان کے لئے تاریخی دن ہوگا؛شاہ محمود قریشی

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے ملک میں کورونا مریضوں کی تعداد کم ہو گئی ہے لیکن اگر  غفلت ہوئی تو محنت رائیگاں جا سکتی ہے۔

نمازعید کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ یہ عید ماضی کی عیدوں سے مختلف ہے، قوم کو چاہیے کورونا ایس اوپیز  پر عمل کریں، اس سال حج بھی ماضی کے حج سے بھی مختلف تھا، حاجیوں کو محدود کر دیا گیا تھا، قوم سے گزارش ہے کہ فرائض نبھائیں لیکن احتیاط کریں۔ان کا کہنا تھا کہ ملک میں کورونا کے مریضوں کی تعداد کم ہو گئی ہے لیکن اگر احتیاط نہ کی تو ساری محنت رائیگاں جا سکتی ہے۔

مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر بات کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ 5 اگست کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی محاصرے کو ایک سال مکمل ہو گا، کشمیریوں سے بھرپور اظہار یکجہتی کے لیے 5 اگست کویوم استحصال منائیں گے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ 5 اگست کو صبح 10 بجے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی، وزیر اعظم کشمیر اسمبلی سے خطاب کریں گے جب کہ صدر مملکت اسلام آباد میں ریلی کی قیادت کریں گے اور مختلف شہروں میں کشمیریوں سے یکجہتی کے لیے ریلیاں اور سیمینار ہوں گے۔

Tags
Back to top button
Close