پاکستان

فوج سے بہت اچھے تعلقات،کرپشن کے خاتمے کے لیے پرعزم،افغان مسئلے کا حل مذاکرات ہیں؛وزیر اعظم کا غیر ملکی میڈیا کو انٹرویو

 وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت کے فوج کے ساتھ بہترین تعلقات ہیں اور فوج حکومت کی تمام پالیسیوں کی حمایت کرتی ہے۔

غیر ملکی میڈیا کو دیئے گئے انٹرویو میں وزیراعظم نے کہا کہ یہ جمہوری حکومت ہے جو الیکشن جیت کر آئی ہے، حکومت سنبھالی تو معاشی چیلنجز کا سامنا تھا اور راتوں رات معیشت کو ٹھیک نہیں کیا جا سکتا۔ملک کو درست سمت میں گامزن کردیا ہے، نہیں چاہتے کہ ہماری معیشت کا انحصار قرضوں پر ہو۔ملک سے کرپشن کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں کیونکہ آگے بڑھنے کے لیے کرپشن کا خاتمہ بہت ضروری ہے۔عمران خان نے مزید کہا کہ کورونا سے متعلق پاکستان نے بہترین فیصلے کیے، ہم نے آنکھیں بند کر کے مکمل لاک ڈاؤن کی پالیسی نہیں اپنائی۔انہوں نے کہا کہ 20 سال برطانیہ میں رہا ہوں اس لیے  جانتا ہوں کہ آزادی اظہار رائے کا کیا مطلب ہے، پاکستان میں میڈیا پر کوئی قدغن نہیں ہے، میرے دور میں حکومت پر سب سے زیادہ تنقید ہوئی، مجھے حکومت پر تنقید سے کوئی پریشانی نہیں لیکن ہماری حکومت کے خلاف پراپیگنڈہ کیا گیا ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت میں فوجی قیادت سے بہترین تعلقات ہیں جو ماضی میں بہتر نہیں رہے، ہم فوج کے ساتھ مل کر کام کررہے ہیں اور فوج حکومت کی تمام پالیسیوں کی حمایت کرتی ہے۔

افغان امن عمل سے متعلق انہوں نے کہا کہ پاکستان نے افغان مسئلے کے حل کے لیے بہت کاوشیں کیں، افغانستان میں اگر بدامنی ہوگی تو پاکستان بھی متاثر ہوگا، میں کہتا رہا افغان مسئلے کا حل مذاکرات ہیں، جو افغان عوام کے لیے بہتر ہوگا وہی ہمارے لیے بھی بہتر ہوگا، بعض عناصر افغان امن عمل متاثر کرنا چاہتے ہیں۔

Back to top button