پاکستان

شاہد خاقان عباسی کی ضمانت میں توثیق، نام ای سی ایل میں شامل

عدالت نے سابق ایم ڈی پی ایس او عمران الحق، ارشد مرزا اور یعقوب ستار کی عبوری ضمانت کی توثیق کردی

سندھ ہائی کورٹ نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور دیگر ملزمان کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل)میں شامل کرنے کا حکم دیتے ہوئے ضمانت کی توثیق کردی۔

سندھ ہائیکورٹ میں پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او)کے منیجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی)کی غیر قانونی طور پر تقرری کے خلاف ریفرنس میں سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی و دیگر کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی۔ ملزمان کے وکلا اور قومی احتساب بیورو (نیب)پراسیکیوٹر کے دلائل مکمل ہونے پر عدالت نے ملزمان کی درخواست پر فیصلہ سنادیا۔ عدالت نے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی، سابق ایم ڈی پی ایس او عمران الحق، ارشد مرزا اور یعقوب ستار کی عبوری ضمانت کی توثیق کردی۔

شاہد خاقان عباسی کی درخواست ضمانت پر مختصر تحریری حکم جاری کردیا گیا جس میں عدالت نے شاہد خاقان عباسی، اسد مرزا اور یعقوب ستار ضمانت کی توثیق کردی۔ عدالت نے تمام ملزمان کی 5,5 لاکھ روپے کے عوض ضمانت منظور کی تھی۔ عدالت نے شاہد خاقان عباسی، اسد مزرا اور یعقوب ستار کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کا بھی حکم دیا۔ عدالت نے عدالتی حکم کی کاپی وزارت داخلہ کو فوری ارسال کرنے کا حکم دیا اور کہا کہ تفصیلی فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا۔

Back to top button