پاکستان

وزیراعظم نے دورہ کراچی کس کے کہنے پر ملتوی کیا؟ دورہ کی نئی تاریخ سامنے آگئی

وزیر اعظم کراچی کو اربوں روپے کا وفاقی پیکیج دینے کا اعلان کریں گے اور بحالی کا شارٹ ٹرم،مڈ ٹرم اور لانگ ٹرم پیکیج دیں گے

وزیراعظم عمران خان نے دورہ کراچی کس کے کہنے پر ملتوی کیا اس حوالے سے اہم انکشاف سامنے آیا ہے جبکہ دورہ کی نئی تاریخ بھی سامنے آگئی ہے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے دورہ کراچی پر آج روانہ ہونا تھا لیکن موسم کی خراب صورتحال کی وجہ سے وہ آج نہیں گئے اب وہ کل کراچی جائیں گے۔ واضح رہے کہ بارشوں کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے وزیراعظم عمران خان کل کراچی کا دورہ کریں گے۔ ذرائع کے مطابق وفاقی وزرا، نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے)حکام اور پارٹی قائدین وزیراعظم کے ہمراہ ہوں گے، وہ دورے میں گورنر سندھ اور وزیر اعلی مراد علی شاہ سے بھی ملاقات کریں گے۔ ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعظم سے ارکان اسمبلی، اتحادی رہنما اور تاجر بھی ملاقات کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کراچی کو اربوں روپے کا وفاقی پیکیج دینے کا اعلان کریں گے، اس کے ساتھ ساتھ وزیر اعظم کراچی کی بحالی کا شارٹ ٹرم،مڈ ٹرم اور لانگ ٹرم پیکیج دیں گے۔

ذرائع کے مطابق کراچی ٹرانسفارمیشن پلان میں صفائی، نالوں کی صفائی، نکاس آب کے منصوبے شامل ہیں، صاف پانی کی فراہمی اور کچرا ٹھکانے لگانے کے منصوبے بھی کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کا حصہ ہے۔ وزیر اعظم کراچی میں ٹرانسپورٹ اور ترقیاتی منصوبوں کے لیے وفاقی فنڈز کا بھی اعلان کریں گے۔

Back to top button