پاکستانفیچرڈ پوسٹ

عمران خان کے اپوزیشن رہنماؤں پر تشویشناک الزامات‘ سینئر صحافی و تجزیہ نگار عارف نظامی نے خطرے کی گھنٹی بجا دی

صرف چند ہفتے پہلے تک ایسا الائنس بننا مشکل نظر آرہا تھا لیکن اس کی تشکیل میں حکومت اور نیب نے شبانہ روز محنت کی ہے

سینئر صحافی و تجزیہ نگار عارف نظامی نے خطرے کی گھنٹی بجاتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے اپوزیشن رہنماؤں پر تشویشناک الزامات حیرت انگیز ہے۔

تفصیلات کے مطابق آئندہ چند ہفتوں میں یہ پوری طرح واضح ہو جائے گا کہ اپوزیشن جو عمران مخالف الائنس میں اکٹھی ہو رہی ہے حکومت کے لیے بڑا خطرہ بن سکتی ہے؟۔ صرف چند ہفتے پہلے تک ایسا الائنس بننا مشکل نظر آرہا تھا لیکن اس کی تشکیل میں تحریک انصاف کی حکومت اور نیب نے شبانہ روز محنت کی ہے۔ نیب کے تابڑ توڑ مقدمات اور اندھا دھند انتقامی کارروائیوں کے بعد اپوزیشن جماعتوں کے لیے کوئی دوسرا چارہ کار نہیں تھاکہ وہ ایک صفحے پر آجائیں۔ تاریخ کا سب سے بڑ ا سبق یہ ہے کہ کوئی بھی حکمران تاریخ سے سبق نہیں سیکھتا، سیا سی اپوزیشن کو انتقامی، تعزیری ہتھکنڈوں سے زیر نہیں کیا جا سکتا۔ خان صاحب نے اپنے حالیہ بیان میں اپوزیشن کو بھارتی ایجنٹ قرار دیا ہے۔ ہر حکمران روایتی طور پر اپنے مخالفین پر اس قسم کے الزامات لگاتا ہے۔ چاہیے تو یہ تھا اپوزیشن کو مذاکرات کی میز پرلاکر ان کے تحفظات دور کئے جاتے لیکن خان صاحب سمجھتے ہیں کہ مقتدر اداروں کی تائید سے اپوزیشن کے بازو آسانی سے مروڑے جا سکتے ہیں۔ اپوزیشن سے تال میل اور مذاکرات کسی بھی جمہوری نظام کا خاصا ہوتے ہیں لیکن یہاں الٹی گنگا بہہ رہی ہے۔ اگر اپوزیشن کوئی بات کرے تو حکمران جماعت پنجے جھاڑ کر پیچھے پڑ جاتی ہے کہ یہ این آر او مانگ رہے ہیں۔ اسی بنا پر وطن عزیز میں سیا سی اشرافیہ کا کوئی بنائے اتحاد نہیں بن پا رہا کیونکہ حکومت کے دوسال سے زائد عرصہ گزرنے کے بعد بھی حکمرانوں کو کوئی پروا نہیں کہ خطرے کی گھنٹی بج رہی ہے جو خاکم بدہن پورے سسٹم کو بھی لپیٹ میں لے سکتی ہے۔

Back to top button