پاکستان

سراج الحق نے حکومت کو گونگی، بہری سنگدل اور بزدل قرار دیدیا

کراچی کے لوگ اسلام آباد سے زیادہ محب وطن '50 سالوں سے پیپلز پارٹی کا قبضہ ہے اور ایم کیو ایم بھی یہاں قابض ہے

جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت گونگی، بہری، سنگدل اور بزدل ہے، کراچی کے لوگ اسلام آباد سے زیادہ محبِ وطن ہیں۔

تفصیلات کے مطابق سراج الحق کا کہنا تھا کہ وفاق سے کہتا ہوں کراچی بھی پاکستان کا حصہ ہے، کراچی کے لوگ اسلام آباد سے زیادہ محب وطن ہیں، کراچی میں 50 سالوں سے پیپلز پارٹی کا قبضہ ہے اور ایم کیو ایم بھی یہاں قابض ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ سنگ دل اور بزدل حکومت ہے، آج وزیر اعظم کراچی تشریف لائے ہیں بڑی حیرت ہے، عوام کے شور کے بعد انہوں نے اسلام اباد سے کراچی کا سفر کیا لیکن انہیں بارش کے پہلے دن ہی کراچی میں موجود ہونا چاہیے تھا، وزیر اعظم کو کہنا چاہتا ہوں کہ صوبہ سندھ بھی پاکستان کا حصہ ہے۔انہوں نے کہا کہ روشنیوں کا شہر کراچی کھنڈر بنا ہوا ہے، پی ٹی آئی کی حکومت نے دو سالوں میں کچھ نہیں کیا، سندھ حکومت اور وفاق مصنوعی ہوائی فائرنگ میں مصروف ہیں۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھاکہ یہ حکومت کیا کر رہی ہے، نئے اعلانات کی ضرورت نہیں، پچھلے اعلان کے مطابق 162 ارب روپے کہاں خرچ ہوئے، پیسے سے زیادہ اس شہر کو گڈ گورننس کی ضرورت ہے۔ان کا کہنا ہے کہ سیوریج، تعلیم ، صحت اور روزگار سمیت مختلف شعبہ انتہائی متاثر ہے، آج بھی یہ شہر شدید مشکلات سے دوچار ہے، صوبائی حکومت نے 22 اضلاع کو آفت زدہ قرار دیا ہے لیکن ان اضلاع میں ریلیف کا کوئی انتظام نہیں کیا گیا۔

Back to top button