پاکستان

ملکی دفاع اور سلامتی پر سمجھوتہ نہیں کریں گے۔صدر پاکستان

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ہماری مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت، جنگی تیاری اور جذبہ ایمانی نے آج پاکستان کو ناقابل تسخیر بنا دیا ہے۔

یوم دفاع کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر عارف علوی نے کہا کہ اس دن افواج پاکستان نے جرات مندی و پیشہ ورانہ مہارت سے دشمن کو ہر محاذ پر شکست دی، آزمائش کے ان لمحات میں افواجِ پاکستان بہادری سے لڑیں، قوم کا ہر فرد اور ہر طبقہ وطن کا محافظ بن گیا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ آج کے دن پوری قوم شہدائے وطن کو سلام پیش کرتی ہے، قوم شہدائے وطن کے اہل خانہ کے جذبہ استقلال کو خراج تحسین پیش کرتی ہے، شہداء کے اہل خانہ نے وطن کی حفاظت اور سلامتی کی خاطر اپنے پیاروں کی قربانی دی۔

صدر مملکت نے کہا کہ جذبہ ستمبر 1965 ہمارے دلوں میں آج بھی زندہ ہے، ہماری افواج کی پیشہ ورانہ مہارت، جنگی تیاری اور جذبہ ایمانی نے پاکستان کو ناقابل تسخیر بنا دیا ہے۔

صدرعارف علوی کا کہنا تھا بدقسمتی سے ہمارا ازلی دشمن آج بھی ہمارے خلاف جارحانہ عزائم رکھتا ہے، دشمن ہمارے اندرونی استحکام کو نقصان پہنچانے کی خفیہ سازشوں میں بھی ملوث ہے، دشمن کا یہ جارحانہ رویہ خطے کے امن اوراستحکام کے لیے بہت بڑا خطرہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری پالیسی اٹل اور واضح ہے کہ دفاع اور سلامتی پر ہرگز سمجھوتا نہیں کریں گے، دشمن کی کسی بھی قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم کشمیریوں کی اصولی حمایت جاری رکھیں گے، اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کا حقِ خودارادیت کے حصول تک ساتھ دیتے رہیں گے۔

Back to top button