پاکستان

قومی اسمبلی،سینیٹ کا اجلاس 1 ہفتےکیلئےملتوی

حکومت نےقومی اسمبلی اورسینیٹ کا اجلاس ایک ہفتےکےلیےملتوی کرنےکا فیصلہ کرلیا

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت نے قومی اسمبلی اور سینیٹ کا اجلاس ایک ہفتے کے لیے ملتوی کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ وزیراعظم عمران خان نے مشیرِ پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان سے رابطہ کیا اور ایف اے ٹی ایف قوانین کی منظوری سے متعلق اہم امور پر مشاورت کی۔ دورانِ گفتگو ملک میں سیلاب کی صورتحال اور ممبران پارلیمنٹ کی مصروفیات کا بھی ذکر ہوا۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ متعدد ارکان سیلاب زدگان کے لیے ریلیف اقدامات میں مصروف ہیں۔ وزیراعظم عمران خان اور مشیر پارلیمانی امور کی گفتگو کے دوران قومی اسمبلی اور سینیٹ کا اجلاس ایک ہفتے کے لیے ملتوی کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

عمران خان نے ڈاکٹر بابر اعوان کو ایف اے ٹی ایف سمیت ضروری قانون سازی جلد پارلیمنٹ لے جانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایف اے ٹی ایف قانون سازی قومی ضرورت ہے، اسے جلد از جلد پورا کریں۔ بابر اعوان نے وزیراعظم کو بتایا کہ قومی اسمبلی کا اجلاس اب 14ستمبر کی شام ساڑھے 4 بجے اور سینیٹ کا اجلاس 15ستمبر کو صبح ساڑھے 10 بجے بلایا گیا ہے۔ گزشتہ روز اپوزیشن جماعت پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پارلیمنٹ کا اجلاس ملتوی کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

Back to top button