پاکستان

زرداری احتساب عدالت اسلام آباد پہنچ گئے

زرداری ہاؤس اسلام آباد پہنچنے پر سابق صدر نے اپنی قانونی ٹیم سے مشاورت کی تھی

سابق صدراورپاکستان پیپلزپارٹی کےشریک چیئرمین آصف علی زرداری جعلی بینک اکاؤنٹس کے 3 نیب ریفرنسزکی سماعت کے سلسلے میں اسلام آباد کی احتساب عدالت پہنچ گئے۔ اسی پیشی کے سلسلے میں سابق صدر آصف علی زرداری گزشتہ شب کراچی سے اسلام آباد پہنچے، ان کی صاحبزادی آصفہ بھٹو بھی ان کے ہمراہ اسلام آباد آئی تھیں۔ زرداری ہاؤس اسلام آباد پہنچنے پر سابق صدر نے اپنی قانونی ٹیم سے مشاورت کی تھی۔ دوسری جانب نیب کی درخواست پر آصف زرداری، نواز شریف، یوسف رضا گیلانی، فریال تالپور سمیت 186 ملزمان کے نام ای سی ایل میں ڈالے جا چکے ہیں۔ نیب نے جعلی اکاؤنٹس اور منی لانڈرنگ کے کل 43 کیسز میں 52 ملزمان کو گرفتار کیا ہے جن سے اب تک 23 ارب سے زائد کی رقم وصول کی جاچکی ہے۔

جعلی اکاؤنٹس کیسزمیں سے اب تک 10 ریفرنسز احتساب عدالتوں میں دائرکیئےجا چکےہیں، 12 کیسز انویسٹی گیشن کےمرحلےمیں ہیں جبکہ 21 پر انکوائری جاری ہے۔ نیب راولپنڈی نے زرداری، فریال تالپور، بلال شیخ، حسین لوائی سمیت 52 ملزمان کو گرفتار کیا، پلی بارگین اور اراضی کی مد میں اب تک 23 ارب سے زائد کی رقم وصول کی جا چکی ہے۔ جعلی اکاؤنٹس کیس میں کل 64 ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کیئے جا چکے ہیں، 12 ملزمان بھاگے ہوئے ہیں۔ جنہیں اشتہاری قرار دے دیا گیا ہے جبکہ 18 ملزمان کو پلی بار گین قوانین کے تحت سزائیں دی گئی ہیں۔

Back to top button