پاکستان

نواز شریف کے وارنٹ، پاکستانی ہائی کمیشن کے افسران کا بیان جمع

سابق وزیر اعظم نواز شریف کے وارنٹس کی تعمیل سے متعلق پاکستانی ہائی کمیشن لندن کے افسران کا تحریری بیان سامنے آ گیا۔

فرسٹ سیکرٹری دلدار علی ابڑو نے اپنے تحریری بیان میں کہا کہ نواز شریف کے بیٹے کے سیکرٹری وقار احمد نے مجھے فون کیا تھا  اور کہا کہ وہ نواز شریف کے وارنٹ گرفتاری وصول کریں گے۔دلدار علی ابڑو نے کہا کہ وقار احمد کے مطابق وہ نواز شریف کی پارک لین رہائش گاہ پر وارنٹس وصول کریں گے اور پھر ہائی کمیشن نے نواز شریف کے وارنٹس اس پتہ پر تعمیل کرانے کی اجازت دی۔

انہوں نے کہا کہ وقار کے ساتھ اتفاق ہوا کہ وہ 23 ستمبر کو دن 11 بجے وارنٹس وصول کریں گے اور وقار کو بتایا کہ قونصلر اتاشی راؤ عبدالحنان وارنٹس کی تعمیل کے لیے آئیں گے لیکن پھر برطانوی وقت کے مطابق 10 بج کر 20 منٹ پر وقار نے کال کر کے وارنٹس وصولی سے معذرت کر لی تھی۔

راؤ عبدالحنان کے مطابق نواز شریف کی رہائش گاہ پر 17 ستمبر کو شام 6 بج کر 35 منٹ پر وارنٹس کی تعمیل کے لیے گیا تھا لیکن نواز شریف کے ذاتی ملازم محمد یعقوب نے وارنٹ گرفتاری وصول کرنے سے انکار کیا۔

Back to top button