پاکستان

وزیراعظم عمران خان کی تقریر، احسن اقبال کا کرارا جواب

پی ڈی ایم میں سب متفق ہیں کہ ملک کو آئین کے مطابق چلایا جائے، 16 اکتوبر کا جلسہ حکومت کے خاتمے کا پہلا قدم ہوگا

پاکستان مسلم لیگ (ن)کے جنرل سیکرٹری احسن اقبال نے وزیراعظم کی تقریر کا کرارا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ثابت کریں کہ ہم کرپٹ کیسے ہیں۔

احسن اقبال نے کہا کہ پی ڈی ایم میں سب متفق ہیں کہ ملک کو آئین کے مطابق چلایا جائے، 16 اکتوبر کا جلسہ حکومت کے خاتمے کا پہلا قدم ہوگا، تیرہ دسمبر کو جلسہ لاہور سے پہلے ہی یہ سب حکومت چھوڑ کر بھاگ جائیں گے۔ احسن اقبال نے کہا کہ غداری کا مقدمہ عمران خان کی ایما پر درج کیا گیا، امید کرتے ہیں کہ یہ شرم کریں گے اور ایف آئی آر میں وزیر اعظم آزاد کشمیر کا نام شامل کرنے پر معافی مانگیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت اب بچ نہیں سکے گی، آئین پاکستان کی وہ کون سی شق ہے جس کے تحت وزیراعظم کسی کو این آر او دے سکتا ہے، آپ کا یہ بیانیہ کہ مسلم لیگ ن کے دور میں معیشت دیوالیہ تھی جھوٹ کا پلندہ ہے، 2018 میں ورلڈبینک کے ماہرین کہ رہے تھے اگلے دوسال پاکستان کی معیشت 6 فیصد کے حساب سے ترقی کرے گی، عمران خان کی حکومت نے اپنی نااہلی اور ناتجربہ کاری سے معیشت کو تباہ کردیا ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ یہ کشمیر کے سوداگر ہیں انھوں نے طشتری میں رکھ کر مودی کو کشمیر پیش کیا ہے، مودی نے اتنا بڑا قدم ان کی انڈرسٹیڈنگ اور عمران نیازی کی ملی بھگت سے اٹھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان سے موٹروے کیس کا ملزم نہیں پکڑا جاتا مگر یہ میڈیا پر پابندی لگاتے ہیں آپ نے خبر نہیں چلانی۔

Back to top button