پاکستان

کورونا وائرس مزید 10 افراد نگل گیا

گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 10 افراد کے انتقال کے بعد مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 6580 ہوگئی ہے

چین کے شہر ووہان سے پھیلنے والا وبائی مرض کورونا وائرس نے ایک بار پاکستان میں سر اٹھا لیا ہے اور اس وائرس سے مزید 10 افراد جاں بحق ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی)کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 10 افراد کے انتقال کے بعد مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 6580 ہوگئی ہے۔ کورونا سے سندھ میں 6 جب کہ پنجاب، خیبرپختونخوا، اسلام آباد اور گلگت میں ایک ایک ہلاکت ہوئی۔ سندھ میں اب تک 2258، پنجاب میں 2258، خیبرپختونخوا میں 1264، اسلام آباد میں 189، بلوچستان 146، گلگت 90 اور آزاد کشمیر میں 78 افراد جان کی بازی ہارچکے ہیں۔ این سی او سی کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 385 افراد میں مہلک وائرس کی تشخیص ہوئی جس کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 3 لاکھ 19 ہزار 317 ہوگئی ہے۔ این سی او سی کا کہنا ہے کہ 3 لاکھ 4 ہزار 185 مریضوں کی صحتیابی کے بعد ملک میں 8552 فعال کیسز ہیں۔

Back to top button