پاکستان

کرپشن مہم کی ناکامی،سپریم کورٹ نیب پر برہم

عدالت نے نیب کوملزم کی پلی بارگین درخواست پرایک ماہ میں فیصلےکی ہدایت کردی

جسٹس مشیرعالم کی سربراہی میں سپریم کورٹ کےتین رکنی بینچ نےاسلام آباد یونین کونسل روات کے سابقہ سیکرٹری جاوید چوہدری کی درخواست ضمانت پرسماعت کی۔ عدالت نے نیب کوملزم کی پلی بارگین درخواست پرایک ماہ میں فیصلےکی ہدایت کردی۔ ملزم کے وکیل نے کہا کہ کیس میں دیگرچارملزمان ہیں جنہیں نیب نے گرفتارنہیں کیا اورصرف ایک ملزم کوہی گرفتارکیا گیا، نیب ملزمان میں تفریق کرتا ہے۔جسٹس قاضی محمد امین نے اسپیشل پراسیکیوٹر نیب سے دیگرملزمان کوگرفتارنہ کرنے کی وجہ پوچھی تو انہوں نے بتایا کہ کیس میں دیگر 4 ملزمان سینٹرل سپیریئرسروسز(سی ایس ایس) پاس اسسٹنٹ کمشنرزہیں جن میں خواتین بھی شامل ہیں۔

جسٹس قاضی محمد امین نے برہمی کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ کیا وہ سی ایس ایس والے ملزمان نہیں؟ کیا سی ایس ایس کرنے والے قانون سے بالا تر ہوگئے ہیں، نیب کے اسی رویے کی وجہ سے کرپشن کے خلاف مہم کو شکست ہو رہی ہے، کیا اس طرح ملک سے کرپشن ختم ہوسکتی ہے، نیب سپریم کورٹ کے اختیارات کو کم نہ سمجھے، نیب کے تفریقی رویے سے کم ازکم میں تو خوش نہیں۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت ایک ماہ کیلئے ملتوی کردی۔

Back to top button