پاکستان

گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کا معاملہ، پرویز الٰہی میدان میں آگئے اور بڑا اعلان کردیا

اسلام ایک امن پسند دین ہے، دنیا کو اسلامو فوبیا سے نکلنا ہوگا جبکہ دنیا کا امن اسلامی تعلیمات پر عمل کرکے ہی قائم رہ سکتا ہے

مسلم لیگ (ق)کے رہنماء اور اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ امت مسلمہ گستاخانہ خاکے ہٹانے اور معافی مانگنے تک فرانسیسی مصنوعات کا بائیکاٹ جاری رکھے۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویزالٰہی سے جڑانوالہ اور وہاڑی کی سیاسی شخصیات خضر عباس اور راناصغیر نے ملاقات کی اور ساتھیوں سمیت ق لیگ میں شمولیت کا اعلان کیا۔ اس موقع پر اسپیکرپنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ تمام اسلامی ممالک کو ایک نظریے پر متفق ہونا ہوگا، اسلامی ممالک کے اتحاد سے ہی مسلمانوں کو دنیا میں اپنا مقام حاصل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام ایک امن پسند دین ہے، دنیا کو اسلامو فوبیا سے نکلنا ہوگا جبکہ دنیا کا امن اسلامی تعلیمات پر عمل کرکے ہی قائم رہ سکتا ہے۔ اسپیکرپنجاب اسمبلی نے کہا کہ امت مسلمہ گستاخانہ خاکے ہٹانیاور معافی مانگنے تک فرانسیسی مصنوعات کا بائیکاٹ جاری رکھے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے، شرپسند عناصر ملک کا امن تباہ کرنے پر تلے ہیں، ہمارے دروازے ہر محب وطن اور عوام کی خدمت کرنے والوں کیلئے کھلے ہیں، پاکستان کو پرامن، ترقی یافتہ اور خوشحال بنانے کیلئیکردار ادا کرتے رہیں گے۔

خیال رہے کہ فرانس میں حکومتی سرپرستی میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت اور پھر اس کے حق میں فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کے بیان کے بعد دنیا بھر میں فرانس کے خلاف احتجاج کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے اور مسلم ممالک میں فرانسیسی اشیا کے بائیکاٹ کی مہم چل رہی ہے۔ پاکستان نے بھی فرانس کے اس اقدام کی شدید مذمت کی ہے اور پارلیمنٹ سے مذمتی قرار داد بھی منظور کی گئی ہے جب کہ پاکستان نے فرانسیسی سفیر کو طلب کرکے احتجاج بھی ریکارڈ کرایا تھا۔

Back to top button