پاکستان

حکومت بنانے یا گرانے کا اختیار کسی ادارے یا شخص کو نہیں بلکہ عوام کو ہے؛ مریم نواز کا اسکردو میں خطاب

 مسلم لیگ (ن) کی نائب صدرمریم نوازکا کہنا ہے کہ حکومت کون بنائے یا گرائے گا اس کا اختیارکسی ادارے یا شخص کونہیں صرف عوام کو ہے۔

اسکردومیں جلسہ عام سے خطاب کے دوران مریم نواز کا کہنا تھا کہ میں عوام کی آوازبن کر یہاں آئی ہوں، آپ کا ہر مسئلہ حل کرنے کی کوشش کروں گی، پاکستان کی سیاست اب بدل گئی، عوام کے نمائندے مار کھاتے ہیں لیکن خدمت سے پیچھے نہیں ہٹتے، ووٹ کا حق صرف ان کا ہے جو لوگ پارٹی کے ساتھ کھڑے رہے، حکومت کون بنائے یا گرائے گا اس کا اختیار کسی ادارے یا شخص کو نہیں صرف عوام کو ہے۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ ایک جعلی وزیراعظم صوبہ گلگت بلتستان کا اعلان کرکے چلے گئے، گلگت بلتستان پرجب میٹنگ ہورہی تھی وزیراعظم ساتھ والے کمرے میں بیٹھے تھے، جعلی وزیراعظم جھوٹے وعدے کرتا آیا ہے، کیا 50 لاکھ گھربنانے کا وعدہ پورا ہوا یا 9 دن میں ملک ٹھیک ہوا؟ لوگ پریشان اور حکومت سے تنگ آچکے ہیں، جعلی وزیراعظم کو یہ نہیں معلوم کہ عوام کس طرح بھوک سے مررہے ہیں۔ یہ وزیراعظم نوکری کررہا ہے اس کو اپنے حق کا بھی نہیں پتا،جو انسان اپنی عزت کی پرواہ نہیں کرتا وہ آپ کی عزت کا کیا خیال کرے گا۔

(ن) لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ منہ پرہاتھ پھیرنے والوں کی پریشانی بلاوجہ نہیں ہے، عمران خان جانے والے ہیں، ان کو گھر بھیجنا ہوگا، گلگت بلتستان سے موجودہ حکومت کا صفایا کرنا ہے، ووٹ چوروں کے آگے سر نہیں جھکائیں گے، منہ پر ہاتھ پھیر کر دھمکیاں دینے والا اب جانے والا ہے، ووٹ چوری کی کوشش کی تو تمہارا تماشا پوری دنیا دیکھے گی۔ پاک فوج کی دل سے قدر کرتے ہیں، پاک فوج کی جگہ سرحدوں پر ہے پولنگ اسٹیشنوں پر نہیں۔

Back to top button