پاکستان

بالآخر حکومت کی کارکردگی سامنے آنا شروع، ڈالر اور سونے کی قیمتوں میں کمی، سٹاک مارکیٹ مثبت

ڈالر کی قدرمیں کمی کا سلسلہ برقرار‘ سونے کی قیمت میں 100 روپے کمی، سٹاک ایکسچینج میں 100 انڈیکس 44 پوائنٹس اضافہ پر بند

بالآ خر حکومت کی کارکردگی سامنے آنا شروع ہو گئی ہے اور ملکی معیشت میں بہتری کی طرف گامزن ہونے لگی ہے، ڈالر اور سونے کی قیمتوں میں کمی کے بعد سٹاک مارکیٹ میں بھی مثبت رجحان دیکھنے کو ملا۔

تفصیلات کے مطابق ملکی مبادلہ مارکیٹوں میں ڈالر کی قدرمیں کمی کا سلسلہ کاروباری ہفتے کے تیسرے روز بھی برقرار رہا۔ انٹربینک تبادلہ مارکیٹ میں ڈالر کی قدر آج 20 پیسے کم ہوکر 158 روپے 48 پیسے پر بند ہوئی ہے۔ اس کمی کے بعد رواں ہفتے انٹربینک میں ڈالر کی قدر 61 اور نومبر کے 8 کاروباری دنوں میں ایک روپیہ 70 پیسے کم ہوچکی ہے۔ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 40 پیسے کم ہوکر 158 روپے 25 پیسے ہے۔

ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت مزید 100 روپے کم ہوئی ہے۔ سندھ صرافہ بازار جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق 100 روپے کمی کے بعد ملک میں فی تولہ سونے کی قدر ایک لاکھ 12 ہزار روپے ہوگئی ہے۔ 10 گرام سونے کی قدر 86 روپے کم ہوکر 96 ہزار 22 روپے ہے۔ ایسوسی ایشن کے مطابق عالمی صرافہ بازار میں سونیکی قدر 3 ڈالر کم ہوکر 1874 ڈالر فی اونس ہے۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاری کا ملاجلا دن رہا اور 100 انڈیکس 44 پوائنٹس اضافے پر بند ہوا۔ پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کے دوران ایک موقع پر 100 انڈیکس 41 ہزار سے ایک سو پوائنٹس نیچے گرا البتہ کاروبار کا اختتام 41 ہزار 197 پر کیا۔ کاروباری دن میں 100 انڈیکس 431 پوائنٹس کیبینڈ میں رہا۔ بازار میں آج 24 کروڑ شیئرز کے سودے ہوئے جن کی مالیت 8 ارب 64 کروڑ روپے سے زائد رہی۔ مارکیٹ کیپٹلائزیشن آج تین ارب روپے کم ہوئی ہے۔ کاروباری دن کے اختتام پر مارکیٹ کی کیپٹلائزیشن 7 ہزار 574 ارب روپے ہے۔

Back to top button