پاکستان

کشمور زیادتی کیس؛ گورنر سندھ کی متاثرہ ماں بیٹی سے ملاقات

گورنر سندھ نے نیشنل انسٹیٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ میں سانحہ کشمور کا شکار بچی کی عیادت کی اور بچی کی والدہ سے ملاقات کرکے وزیراعظم پاکستان کا پیغام پہنچایا ۔

گورنرسندھ نے بچی کی والدہ سے کہا کہ اس دلخراش واقعے پر وزیراعظم پاکستان کو گہرا دکھ اور افسوس ہے، وزیراعظم نے واقعے کے ذمے داروں کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلیے سخت ہدایات جاری کی ہیں اگر بچی کا علاج بیرون ملک کرنا پڑے گا تو اس کیلیے بھی حکومت ہر ممکن مدد کرے گی، این آئی سی ایچ کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر جمال رضا نے گورنرسندھ کو بچی کے علاج کے بارے میں بریفنگ دی۔

گورنرسندھ نے کہا کہ سانحہ کشمور دل دہلا دینے والاواقعہ ہے، دلیر پولیس افسر اے ایس آئی محمد بخش نے جس جرات کا مظاہرہ کیا وہ قابل تقلید ہے محمد بخش کو اعلیٰ ترین سول ایوارڈ سے نواز ا جائے گا اور وزیراعظم عمران خان بہت جلد محمد بخش کو وزیراعظم ہاؤس بلاکر ان سے ملاقات کریں گے۔

Back to top button