پاکستان

منگنی ٹوٹنے کی رنجش میں نوجوان نے رشتہ دار کا 7 سالہ بیٹا قتل کر دیا

نوجوان نے بے روز گاری کا بھانڈا پھوٹنے کے بعد منگنی ٹوٹنے کی رنجش پر حقیقت سامنے لانے والے شخص کے سات سالہ بیٹے کو اغوا کر کے قتل کرنے کے بعد لاش پانی کے جوہڑ میں پھینک دی۔

 ذرائع کے مطابق واقعہ جڑانوالہ کے علاقے میں پیش آیا جہاں یاسین نامی نوجوان نے خود کو برسر روزگار ظاہر کر کے منگنی کی تھی، اس کے سسرالیوں نے جب اس کے ایک جاننے والے ندیم سے تصدیق کی تو اس نے یاسین کی حقیقت بتا دی کہ وہ کوئی کام نہیں کرتا جس پر اس کی منگنی ٹوٹ گئی۔پولیس کے مطابق اسی رنجش پر ملزم نے ندیم کے 7 سالہ بیٹے کو اغوا کرنے کے بعد قتل کر کے لاش پانی کے جوہر میں پھینک دی۔

پولیس نے بچے کی گمشدگی کے پانچ روز بعد جب شبہ ہونے پر ملزم کو پکڑ کر تفتیش کی تو ملزم نے بچے کے قتل کا اعتراف کرتے ہوئے پانی کے ایک جوہڑ سے بچے کی لاش برآمد کروا دی جسے پولیس نے پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا اور ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔

Back to top button