پاکستان

کورونا کے پھیلاؤ میں تیزی; ایک دن میں 42 افراد لقمہ اجل بن گئے

پاکستان میں کورونا کے پھیلاؤ میں تیزی آرہی ہے اور گزشتہ ایک دن میں 42 افراد اس وائرس کا شکار ہوکر لقمہ اجل بن گئے ہیں جو کہ 4 ماہ کے دوران ایک دن میں سب سے زیادہ ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ روز ملک بھر میں کورونا کے 42 ہزار 752 ٹیسٹ کیے گئے، جن میں سے پنجاب میں 16275، سنددھ میں 12975، خیبر پختونخوا میں 4615 ، اسلام آباد میں 7052 ، بلوچستان 664، گلگت بلتستان 302 جب کہ آزاد جموں کشمیر میں 896  ٹیسٹ کیے گئے، 24 گھنٹوں کے دوران 2 ہزار 843 نئے کیسز سامنے آئے۔ اس طرح ایک دن میں کیے گئے ٹیسٹوں میں کورونا مثبت آنے کی شرح 6.6 فیصد رہی۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا سے 42 افراد جاں بحق ہوئے ہیں جو کہ 4 ماہ کے دوران ایک دن میں سب سے زیادہ ہے۔ 17 جولائی کو ایک روز میں 49 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔ ملک بھر میں اس وبا سے 7603 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

پاکستان میں اب تک کورونا سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 3 لاکھ 71 ہزار 508 ہے جن میں سے صحت یاب ہونے والے افراد کی تعداد تین لاکھ 28 ہزار 931 ہوگئی ہے جب کہ ملک میں کورونا کے فعال مصدقہ کیسز کی تعداد 34 ہزار 974 ہے۔ ملک بھر میں کورونا کے 2122 مریض اسپتالوں میں داخل ہیں جن مین سے  246مریض وینٹی لیٹر پر ہیں۔

کورونا وبا ملک میں داخل ہونے کے بعد کئے ٹیسٹس کی روشنی میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ سندھ ہے جہاں اب تک ایک لاکھ 61 ہزار 28 افراد اس سے متاثر جب کہ 2799 جاں بحق ہوچکے ہیں۔

Back to top button