پاکستان

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی سعودی ہم منصب سے ملاقات، اہم امور پر تبادلہ خیال

دونوں وزرائے خارجہ کے درمیان مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال اور او آئی سی کے کردار کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے نائجر میں او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے 47 ویں اجلاس پر سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود سے ملاقات کی جس میں اہم امور پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق وزرائے خارجہ کی ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، خطے میں امن و امان کی صورتحال، کورونا اور کثیرالجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خارجہ نے جی 20 سمٹ کے کامیاب انعقاد پر سعودی ہم منصب کو مبارکباد دی۔ اس موقع پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین گہرے تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں۔ دونوں وزرائے خارجہ کے درمیان مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال اور او آئی سی کے کردار کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خارجہ نے اپنے سعودی ہم منصب کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا۔ وزیر خارجہ نے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے سعودی عرب کی اصولی اور مستقل حمایت پر سعودی وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔

سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود نے واضح کیا کہ سعودی عرب پاکستان کے ساتھ اپنے تاریخی، گہرے اور دیرینہ دو طرفہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور پاکستان کے ساتھ کثیرالجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کیلئے پرعزم ہے۔ سعودی وزیر خارجہ نے خطے میں قیام امن کیلئے پاکستان کی طرف سے کی جانے والی کاوشوں کو سراہا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے توانائی سمیت مختلف اقتصادی و تجارتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔

متعلقہ خبریں