پاکستان

"ملک اس طرح نہیں چلے گا”۔۔۔ وزیر اعظم نا لائق بھی ہے اور نا اہل بھی، گڑھی خدا بخش میں مریم نواز کا خطاب

 مریم نواز کا کہنا ہے کہ ایک آدمی جو 22سال دربدر کی خاک چھانتا رہا لیکن عوام نے اسے گھاس نہيں ڈالی ، اسی نالائق کو اٹھا کر عوام کے سر پرمسلط کردیا گیا۔آج وہ بڑی ڈھٹائی سے ٹی وی پر آکر کہتا ہے کہ اسے کام کرنا نہیں آتا ۔

گڑھی خدابخش میں بے نظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر ہونے والے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے وزیر اعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ تمہیں یہ کہنا چاہیے کہ تیاری کے بغیر حکومتوں میں نہیں لایا جانا چاہیے۔ مریم نواز نے کہا کہ اس نالائقی کی وجہ سے مہنگائی ہورہی ہے، خودکشیاں ہورہی ہیں ، وہ کہتا ہے کہ میں کیا کروں۔

انہوں نے کہا کہ یہ شخص پی ڈی ایم سے این آر او کی بھیک مانگتا ہوا نظر آرہا ہے ، یہ اکیلا کھڑا ہے ،  یہ ناکام ہے ہارا ہوا ہے ، اس لیے اب کسی کو کوئی پیغام بھیجتاہے، کبھی کوئی پیغام رساں بھیجتاہے۔ مریم نواز نے کہا کہ شہباز شریف سے ملنے کے لیے خاندان والوں کو ہفتہ ہفتہ درخواست دینی پڑتی ہے ، ان کا پیغام رساں آئے تو جیل کے دروازے کھول دیئے جاتے ہیں۔ رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ اپوزیشن مہنگائی کی بات کرتی ہے تو کہتے ہو کہ اپوزيشن فوج کو بدنام کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب یہ وزیراعظم بن کر امریکا گیا اپنی فوج پر حملے شروع کردیئے ایک پیج ، ایک پیج کی رٹ لگا کر جتنا تم نے فوج کو بدنام کیا شاید ہی پاکستان کی تاریخ میں کسی نے کیا ہو۔

مریم نواز نے کہا کہ یہ ملک اب اسطرح نہيں چلے گا ، نظریئے کو پھانسی نہيں لگ سکتی ، نظریئے کو جلاوطنی نہيں ہوسکتی۔

متعلقہ خبریں