پاکستان

سینیٹ کے انتخابات میں جیت کو یقینی بنانے کے لئے بلاول بھٹو کا فارمولا منظور، مریم نواز نے بھی آمادگی ظاہر کر دی ہے

استعفے ہمارا ہتھیار ہیں جسے بہت احتیاط کے ساتھ استعمال کیا جائے گا۔وزیر اعظم کے استعفے تک کوئی بات نہیں ہوگی

سینیٹ کے انتخابات میں جیت کو یقینی بنانے کے لئے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کا فارمولا منظورہوگیا جبکہ نائب صدر مسلم لیگ ن مریم نواز نے بھی آمادگی ظاہر کر دی ہے۔

فرزند زرداری اور پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ استعفے ہمارا ہتھیار ہیں جسے بہت احتیاط کے ساتھ استعمال کیا جائے گا۔وزیر اعظم کے استعفے تک کوئی بات نہیں ہوگی۔ وزیر اعظم عمران خان کو ہر صورت جانا ہوگا مگر وہ کیسے جائیں گے وہ ابھی نہیں بتا سکتا، لیکن یہ طے ہے کہ موجودہ حکومت کو گھر بھیجنے کے لئے ہر سیاسی ہتھیار استعمال کریں گے جس میں سینیٹ کے الیکشن میں حصہ لینا بھی شامل ہے۔پی ڈی ایم ملکر الیکشن لڑے تو سینیٹ میں کامیاب ہو سکتے ہیں، تحریک عدم اعتماد بھی لائی جائے۔ اسمبلیوں سے استعفوں کو نواز شریف کی وطن واپسی سے مشروط کرنے کے معاملے کی میں تصدیق یا تردید نہیں کرسکتا،پارٹی اجلاس میں ارکان کو اپنی رائے دینے کا حق حاصل ہے، مسلم لیگ(ن)کے پارلیمانی لیڈر خواجہ آصف کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کی شب پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے 7 گھنٹے طویل اجلاس کے بعدبلاول ہاؤ س میڈیا سیل میں پریس کانفرنس میں کیا۔ بلاول نے کہا کہ ہمارے سامنے بہت بڑا چیلنج ہے، ہم سب کو مل کر اس کٹھ پتلی اور سلیکٹڈ حکومت کو نکالنا ہے، ہمیں پاکستان کی سیاست اور حکومت سے اسٹیبلشمنٹ کا عمل دخل اب روکنا چاہیے، ہم جمہوری لوگ ہیں ہمارا جب بھی کوئی پارٹی اجلاس ہوتا ہے اس میں ہر معاملے پر غور ہوتا ہے۔ یہ حکومت صرف اسٹیبلشمنٹ کے کندھے پر قائم ہے،اس کی حمایت کے بغیر یہ ایک دن بھی قائم نہیں رہ سکتی ہے۔ ایک دن بھی اسٹیبلشمنٹ اپنی سپورٹ ختم کردے تو یہ حکومت فورا گرجائے.

متعلقہ خبریں