پاکستان

ملک بھرمیں کورونا کیسز،مریضون کی تعداد میں تشویشناک حد تک اضافہ

وائرس کی دوسری لہرجاری ہے،کورونا وائرس کےکیسزاوراس سےاموات میں دوبارہ تیزی سےاضافہ ہورہا ہے

پاکستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہرجاری ہے،کورونا وائرس کےکیسزاوراس سےاموات میں دوبارہ تیزی سےاضافہ ہورہا ہے، کورونا مریضوں کی تعداد کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں پاکستان ایک بار پھر 28 ویں نمبر پر آگیا ہے۔ پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 2 ہزار 899 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 46 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، جبکہ 1 ہزار 524 مریض اس بیماری سے شفایاب ہو گئے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی ) کے اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا وائرس سے انتقال کرنے والوں کی مجموعی تعداد 10 ہزار 644 ہو گئی ہے، جبکہ کُل مریضوں کی تعداد 5 لاکھ 2 ہزار 416 ہو چکی ہے۔ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے مزید 44 ہزار 410 ٹیسٹ کیئے گئے، جبکہ اب تک کُل 70 لاکھ 88 ہزار 14 ٹیسٹ کیئے جا چکے ہیں۔

ملک بھر میں اسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز اور گھروں میں کورونا وائرس کے کُل 34 ہزار 803 مریض زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 2 ہزار 278 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ 4 لاکھ 56 ہزار 969 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔ سندھ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد دوسرے صوبوں سے زیادہ 2 لاکھ 55 ہزار 509 ہو چکی ہے، جبکہ کُل اموات 3 ہزار 693 ہو گئیں۔

پنجاب میں کورونا وائرس کے اب تک 1 لاکھ 44 ہزار 909 مریض سامنے آئے ہیں، جبکہ کُل ہلاکتیں دیگر صوبوں سے بڑھ کر 4 ہزار 260 ہو گئیں۔ خیبر پختون خوا میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 61 ہزار 148 ہو چکی ہے، جبکہ اس سے کُل اموات 1 ہزار 728 ہو گئیں۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 39 ہزار 120 کورونا وائرس سے متاثرہ مریض اب تک سامنے آئے ہیں، جبکہ اب تک کُل 439 افراد اس وباء سے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

کورونا وائرس کے بلوچستان میں 18 ہزار 373 مریض اب تک رپورٹ ہوئے ہیں جہاں 188 افراد اس مرض سے انتقال کر چکے ہیں۔ آزاد جموں و کشمیر میں کورونا وائرس کے اب تک 8 ہزار 478 مریض رپورٹ ہوئے ہیں، جبکہ اس کے باعث اب تک کُل 235 مریض وفات پا چکے ہیں۔ گِلگت بلتستان میں 4 ہزار 879 کورونا وائرس کے مریض سامنے آئے ہیں جبکہ اس سے اب تک 101 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

متعلقہ خبریں