پاکستان

حکومتی پابندیاں ٹھاہ، راولپنڈی میں بسنت اور ہوائی فائرنگ جاری

شہر کے مختلف حصوں میں بھر پور پتنگ بازی اور شدید ہوائی فائرنگ‘ہوائی فائرنگ اور ڈور پھرنے سے 7افراد اسپتال پہنچ چکے ہیں

حکومت پنجاب کی جانب سے پابندی کے باوجود راولپنڈی میں بسنت منائی جا رہی ہے اور ایک نوجوان نے پتنگ کی مدد سے پولیس کا جدید ٹیکنالوجی سے لیس ڈرون گرا دیا۔

شہر کے مختلف حصوں میں بھر پور پتنگ بازی اور شدید ہوائی فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ ہوائی فائرنگ اور ڈور پھرنے سے 15 گھنٹوں میں 7 افراد اسپتال پہنچ چکے ہیں۔ راولپنڈی پولیس نے پتنگ بازی کی روک تھام کے لیے ڈرون کا استعمال کیا تھا لیکن ایک شہری نے پتنگ کی ڈور سے ڈرون کو ہی گرا دیا۔ میڈیا نے جدید ٹیکنالوجی سے لیس ڈرون کو پتنگ سے گراتے وقت کی ویڈیو بھی حاصل کر لی ہے۔

دوسری جانب ترجمان راولپنڈی پولیس کا کہنا ہے کہ پتنگ سے ڈرون گرانے کی خبر میں صداقت نہیں ہے، پولیس پتنگ بازی روکنے کے لیے بھرپور کارروائیاں کر رہی ہیں۔ راولپنڈی پولیس کا کہنا ہے کہ 43 مقدمات درج کر کے 49 افراد گرفتار کیے اور سینکڑوں پتنگیں اور ڈور برآمد کر لی ہیں جب کہ پتنگ بازوں کی سرچنگ کے لیے ڈرون و دیگر کیمرے بھی استعمال کر رہے ہیں۔ ادھر اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ پتنگ بازی کی روک تھام کے لیے وفاقی دارالحکومت میں 2500 کے قریب پولیس افسران ڈیوٹی سرانجام دیں گے، 280 چھتوں پر بھی پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button