پاکستان

سکیورٹی فورسز کا آپریشن، 3 کمانڈرز سمیت 8 دہشت گرد ہلاک

ہلاک دہشت گرد کمانڈر عبدالانیر کا تعلق ٹی ٹی پی طوفان گروپ سے تھا، ہلاک دہشت گرد کمانڈر جنید عرف جامد کا تعلق ٹی ٹی پی طارق گروپ سے تھا

شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز نے خفیہ آپریشن کیا جس کے دوران فائرنگ تبادلے میں 3 کمانڈرز سمیت 8 دہشت گرد ہلاک ہو گئے ہیں۔

انٹرسروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر)کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقوں بویا اور دوسلی میں دہشتگردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر آپریشنز کیے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 8 دہشت گرد ہلاک ہوئے، ہلاک دہشت گردوں میں 3 دہشت گرد کمانڈرز بھی شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گرد کمانڈر عبدالانیر کا تعلق ٹی ٹی پی طوفان گروپ سے تھا، ہلاک دہشت گرد کمانڈر جنید عرف جامد کا تعلق ٹی ٹی پی طارق گروپ سے تھا جبکہ ہلاک دہشت گرد خالق شادین عرف ریحان کا تعلق ٹی ٹی پی صادق نور گروپ سے تھا۔ آئی ایس پی آر کا مزید بتانا ہے کہ دہشت گرد قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف مختلف کارروائیوں میں ملوث تھے، ہلاک دہشت گرد 2009 سے آئی ای ڈی حملوں، ٹارگٹ کلنگ اور دیگر وارداتوں میں ملوث تھے،ہلاک دہشت گرد علاقے میں دہشت گردوں کی بھرتیوں میں بھی ملوث تھے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کے ٹھکانوں سے بڑی مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button