پاکستان

بلاول بھٹو کی امریکا روانگی؟ شیخ رشید بھڑک اُٹھے

وفاقی وزیرِداخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ ہم افغانستان میں امن کے خواہش مند ہیں

بلاول بھٹو کی امریکا روانگی؟ شیخ رشید بھڑک اُٹھے، وفاقی وزیرِداخلہ شیخ رشید احمد کا پاکستان پیپلزپارٹی کےچیئرمین کےمتعلق کہنا ہے کہ ایک بارنہیں بلاول بھٹو زرداری 3 بار امریکا جائیں، وزیرِاعظم عمران خان 5 سال پورے کریں گے۔ راول پنڈی میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے وفاقی وزیرِداخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ ہم افغانستان میں امن کے خواہش مند ہیں، افغانستان کے لوگ جو فیصلہ کریں گے وہ ہمیں قبول ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ اپنی سر زمین کو کسی کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے، آرمی چیف خود امن کے لیے اقدامات کر رہے ہیں، ویکسینیشن والے لوگوں کیلئے طورخم بارڈر کھلا ہے۔ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم ختم ہو چکی ہے، آزاد کشمیر الیکشن کے بعد اپوزیشن اور حکومت کے تعلقات ٹھیک ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں حکومت ان شاء اللّٰہ عمران خان ہی بنائیں گے، عمران خان کے ساتھ خود بھی کشمیر میں مہم پر جاؤں گا۔ وفاقی وزیرِ داخلہ نے کہا کہ نالہ لئی منصوبہ 3 سال میں مکمل ہو رہا ہے، غریب لوگوں کی تقدیر بدلی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے بات ہو گئی، وقار النساء کالج کو اسی ماہ یونیورسٹی بنا دیں گے۔

شیخ رشید کا یہ بھی کہنا ہے کہ 5 اگست کا قانون واپس لیے جانے تک بھارت سے کوئی بات نہیں ہو گی، وزیرِ اعظم عمران خان نے مقبوضہ کشمیر کا کیس اقوام متحدہ سمیت دنیا بھر میں اٹھایا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button

Adblock Detected

We Noticed You are using Ad blocker :( Please Support us By Disabling Ad blocker for this Domain. We don't show any popups or poor Ads.