پاکستان

”بچھڑا کچھ اس ادا سے کہ رت ہی بدل گئی“ نامور صحافی عارف نظامی اپنے خالق حقیقی سے جا ملے

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، وزیراعظم عمران خان اور وفاقی وزراء نے نامور صحافی عارف نظامی کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا

”بچھڑا کچھ اس ادا سے کہ رت ہی بدل گئی“ نامور صحافی عارف نظامی اپنے خالق حقیقی سے جا ملے‘ نامور پاکستانی صحافی اور سابق نگراں وفاقی وزیر عارف نظامی انتقال کر گئے۔

تفصیلات کے مطابق عارف نظامی انگریزی اخبار پاکستان ٹوڈے کے بانی و ایڈیٹر اور نوائے وقت اخبار گروپ کے بانی حمید نظامی کے بیٹے تھے۔ عارف نظامی گزشتہ دو ہفتوں سے لاہور کے مقامی اسپتال میں زیر علاج تھے جہاں وہ آج خالق حقیقی سے جا ملے ہیں۔ عارف نظامی کے بھانجے بابر نظامی نے بھی سینئر صحافی کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وہ عارضہ قلب میں مبتلا تھے۔

عارف نظامی نے خاندانی اختلافات کے باعث 2010 میں انگریزی اخبار ‘دی نیشن’ کو خیر باد کہہ کر ‘پاکستان ٹو ڈے’ کی بنیاد رکھی تھی۔ 2013 میں عارف نظامی کو نگراں وفاقی وزیر برائے اطلاعات و پوسٹل سروسز بنایا گیا اور 2015 میں آپ نجی ٹی وی چینل ‘چینل 24’ کے سی ای او بنے جہاں سے آپ ایک پروگرام کی میزبانی بھی کرتے تھے۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، وزیراعظم عمران خان اور وفاقی وزرا نے نامور صحافی عارف نظامی کے انتقال پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی ہے۔ وفاقی وزیر برائے اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ عارف نظامی کا انتقال سے دل بجھ گیا ہے، عارف نظامی کا انتقال صحافی برادری کا بڑا نقصان ہے، ان کی رحلت سے پاکستان کی صحافت کا بڑا باب بند ہو گیا ہے۔ وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے بھی سینئر صحافی عارف نظامی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button

Adblock Detected

We Noticed You are using Ad blocker :( Please Support us By Disabling Ad blocker for this Domain. We don't show any popups or poor Ads.