پاکستان

کیمیکل فیکٹری میں آتشزدگی، 16 مزدور جاں بحق، درجنوں زخمی

فیکٹری میں مختلف اشیا کے بنانے میں استعمال ہونے والا کیمیکل موجود تھا، آگ کیمیکل کے ڈرم میں لگی اور پوری فیکٹری میں پھیل گئی

کراچی کے علاقے کورنگی میں ایک کیمیکل فیکٹری میں آتشزدگی سے 16 مزدور جاں بحق ہو گئے جبکہ درجنوں افراد زخمی بھی ہو گئے ہیں اور زخمیوں کو طبی امداد کیلئے مقامی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں کورنگی کے علاقے مہران ٹاؤن میں واقع کیمیکل فیکٹری میں صبح 10 بجے کے قریب آگ لگی جو پوری فیکٹری میں پھیل گئی۔ فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ فیکٹری میں مختلف اشیا کے بنانے میں استعمال ہونے والا کیمیکل موجود تھا، آگ کیمیکل کے ڈرم میں لگی اور پوری فیکٹری میں پھیل گئی۔ انہوں نے بتایا کہ آگ بجھانے کی کوشش کے دوران 2 فائر فائٹرز بھی زخمی ہوئے، فیکٹری کی دیواریں توڑنے کے لیے ہیوی مشینری کو بھی طلب کیا گیا، 13 فائر ٹینڈرز اور ایک اسنارکل آگ بجھانے میں مصروف رہے۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ فیکٹری میں لگی آگ کو بجھانے کے لیے فائر بریگیڈ کی گاڑیاں تاخیر سے پہنچیں جس کے باعث آگ پھیل گئی،اندر موجود مزدور مدد کے لیے پکارتے رہے۔

چیف فائر آفیسرکا کہنا ہے کہ کیمیکل فیکٹری کے اندر آنے اور باہر جانے کے لیے ایک ہی راستہ تھا، مزدوروں کو باہر نکلنے کا راستہ نہیں ملا، دومنزلہ فیکٹری میں اوپر جانے کے لیے چھت کے دروازے پر بھی تالا تھا۔ ایڈمنسٹریٹریٹر کراچی مرتضی وہاب کا کہنا ہیکہ آگ لگنے کے وقت فیکٹری میں 21 ملازم موجود تھے۔ جاں بحق افراد میں دو سگے بھائیوں سمیت ایک ہی خاندان کے چار افراد بھی شامل ہیں۔ چیف فائر آفیسر کے مطابق آگ کو کنٹرول کر لیا گیا ہے اورکولنگ کا عمل جاری ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button

Adblock Detected

We Noticed You are using Ad blocker :( Please Support us By Disabling Ad blocker for this Domain. We don't show any popups or poor Ads.