پاکستان

جسٹس عائشہ ملک سپریم کورٹ میں تقرری کا معاملہ ٹائی ہوگیا

آئین کے تحت اکثریت جب تک کسی نام کی منظوری نہ دے تو وہ نام آگے نہیں جاسکتا لہذا تکنیکی طور پر جسٹس عائشہ ملک کا نام مسترد ہوا ہے

لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عائشہ ملک کی سپریم کورٹ میں تقرری کا معاملہ چار چار سے ٹائی ہوگیا جبکہ جسٹس قاضی فائز عیسی جوڈیشل کونسل کے اجلاس میں شریک نہیں ہوسکے۔

تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار احمد کی زیر صدارت جوڈیشل کونسل کا اجلاس ہوا جس میں جسٹس عائشہ ملک کی سپریم کورٹ میں تقرری کے معاملے پر غور ہوا اور یہ معاملہ چار چار سے ٹائی ہوگیا۔ ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ کے جج جسٹس قاضی فائز عیسی بیرون ملک ہونے کے باعث جوڈیشل کونسل کے اجلاس میں شریک نہیں ہوسکے اور ان کی جانب سے جسٹس عائشہ ملک کے حوالے سے اجلاس میں کوئی رائے بھی سامنے نہیں آئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ چیف جسٹس پاکستان سپریم کورٹ میں جج کی تقرری کے لیے ہائیکورٹ کے جج کے نام کی سفارش کرتے ہیں جس کی جوڈیشل کونسل منظوری دیتی ہے جب کہ جسٹس عائشہ ملک کے نام کی بھی چیف جسٹس پاکستان کی جانب سے سفارش کی گئی تھی تاہم تکنیکی طور پر جسٹس عائشہ کا نام سپریم کورٹ میں بطور جج تقرری کے لیے مسترد کردیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق جوڈیشل کونسل کے اجلاس میں چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار احمد، جسٹس عمر عطا بندیال، اٹارنی جنرل پاکستان اور وزیر قانون نے جسٹس عائشہ ملک کے نام کی حمایت کی جب کہ جسٹس مقبول باقر، جسٹس سردار طارق مسعود، پاکستان بار کونسل کے نمائندے اور سپریم کورٹ کے سابق جج جسٹس (ر)دوست محمد نے جسٹس عائشہ ملک کی عدالتِ عظمی میں تقرری کے مخالف ووٹ دیا۔

ذرائع کے مطابق قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ آئین کے تحت اکثریت جب تک کسی نام کی منظوری نہ دے تو وہ نام آگے نہیں جاسکتا لہذا تکنیکی طور پر جسٹس عائشہ ملک کا نام مسترد ہوا ہے، اگر جوڈیشل کونسل کے اجلاس میں ان کے نام کی منظوری ہوتی تو وہ سپریم کورٹ آف پاکستان میں تعینات ہونے والی پہلی خاتون جج ہوتیں۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ اٹارنی جنرل نے اجلاس میں تجویز دی کہ باقی ہائیکورٹس کی خواتین جج کی بھی ججمنٹ اور ریکارڈ منگوایا جائے اور اس معاملے کو آئندہ میٹنگ کے لیے ریفر کیا جائے تاہم اس معاملے پر بھی اتفاق نہیں ہوا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button

Adblock Detected

We Noticed You are using Ad blocker :( Please Support us By Disabling Ad blocker for this Domain. We don't show any popups or poor Ads.