پاکستان

دیامر بھاشا ڈیم 26ء تک مکمل کرنے کی کوشش: شہبازشریف

وزیرِاعظم میاں محمد شہباز شریف دیامر بھاشا ڈیم پہنچ گئے جہاں انہوں نے تعمیراتی کام کا جائزہ لیا۔

وزیرِاعظم میاں محمد شہباز شریف دیامر بھاشا ڈیم پہنچ گئے جہاں انہوں نے تعمیراتی کام کا جائزہ لیا۔ شاہد خاقان عباسی، خواجہ آصف اور چیئرمین واپڈا وزیرِ اعظم کے ہمراہ تھے۔ اس موقع پر چیئرمین واپڈا نے وزیرِ اعظم شہباز شریف کو ڈیم سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر وزیرِ اعظم شہباز شریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈیم کو سال 2029ء کے بجائے 2026ء تک مکمل کرنے کی کوشش کریں گے۔

ان کا کہنا ہے کہ دیامر بھاشا ڈیم منصوبہ سابق وزیرِ اعظم نواز شریف نے 2016ء میں شروع کیا تھا، سابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی نے دیامر بھاشا منصوبے کو آگے بڑھایا۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ یہاں پاور ہاؤس شروع کرنے پر سنجیدگی سے سوچنے کی ضرورت ہے، بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو یہاں سرمایہ کاری کے لیے ترغیب دینے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جب سے منصب سنبھالا پچھلے 6 دن میں دن رات مختلف وزارتوں پر بریفنگ لی ہے، وزارتِ مالیات ہو، پاور یا پیٹرولیم، رونگٹے کھڑے ہو جاتے ہیں کہ کس طرح یہ پونے 4 سال ضائع کیے گئے۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہزاروں میگاواٹ کے نان ہائیڈل بجلی گھر غیر فعال ہیں، نہ وافر تیل ہے، نہ گیس، اس سے بڑی نا اہلی قوم کے لیے کیا ہو سکتی ہے، اس بارے میں قوم کو حقائق بتاؤں گا، جھوٹ نہیں بولوں گا۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف قراقرم ہائی وے، تھک پاور منصوبے اور چلاس کیڈٹ کالج کا فضائی دورہ بھی کریں گے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button

Adblock Detected

We Noticed You are using Ad blocker :( Please Support us By Disabling Ad blocker for this Domain. We don't show any popups or poor Ads.