پاکستان

جلد ہی 20 لاکھ لوگ لے کر اسلام آباد پہنچوں گا؛عمران خان

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہےکہ ہمارے مخالف کہتے ہیں کہ گرمی زیادہ ہوگئی لوگ نہیں نکلیں گے، 20 تاریخ کے بعد جب اسلام آباد کی کال دوں گا، جتنے مرضی کنٹینر کھڑے کردیں ، بیس لاکھ لوگ آئیں گے۔

ایبٹ آباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئےعمران خان کا کہنا تھا کہ ان کو آپ کے جنون کا خوف ہے ،اسلام آباد میں انسانوں کا جنون آنے والا ہے، اسلام آباد میں صرف ایک ہی آواز ہوگی امپورٹڈ حکومت نا منظور، یہ امریکا سے سازش کرکے ہمارے اوپر بیٹھے ہیں، انھیں پاکستانی قوم کبھی تسلیم نہیں کرے گی۔چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں صرف ایک لوٹا نکلا، ابھی تک اس نے پشاور آنےکی جرات نہیں کی، یہ لوٹے جدھر بھی جائیں گے، دو نعرے لگیں گے، ایک ضمیرفروش چور، دوسرا نعرہ لگے گاغدار۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی منتخب حکومت کو سازش کے تحت ہٹایا گیا، سازش میں یہاں کے میر جعفر اور میر صادق شامل تھے ، میں کبھی امریکا کی جنگ میں شامل ہونے کو تیار نہیں تھا، میں کبھی امریکا کو اڈے دینے پر راضی نہیں تھا، امریکی چاہتے تھے مشرف کی طرح سربراہ ہو، ایک کال پر چاروں شانے چِت ہوجائے، شہباز شریف تم بھکاری ہو، غلام ہو، ڈاکو ہو، ہم کسی کے جوتے پالش کرنے والے نہیں، ساری قوم اسلام آباد پہنچ کر ایک ہی پیغام دے گی، امپورٹڈ حکومت نا منظور۔

مریم نواز کو نشانہ بناتے ہوئے عمران خان نےکہا کہ محترمہ فرماتی ہے لندن تو چھوڑو پاکستان میں بھی کوئی پراپرٹی نہیں،جو شریف خاندان نے جھوٹ بولے میں نے کبھی کسی کو ایسے بولتے نہیں دیکھا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ گیارہ کی گیارہ جماعتیں عمران خان کو گرانے کے لیے نکلیں، انہوں نے امریکی سازش کا حصہ بن کر منتخب حکومت کو ہٹایا، روس سے 20 لاکھ ٹن گندم منگوانا چاہتا تھا، ہم کسی سپر پاورکونہیں مانتے، ہم روس سے 20فیصد کم قیمت پر پیٹرول اور ڈیزل لینا چاہتے تھے، جب سے امپورٹڈ حکومت آئی ہے،ساری چیزوں کی قیمتیں بڑھ گئی ہیں، میڈیا سےگزارش ہےکہ مائیک لے کردکانوں میں جائیں گھی کی قیمت ہی معلوم کرلیں، ہماری حکومت میں توآپ مائیک لےکردکانوں میں جاتےتھےکہ کہاں ہےنیاپاکستان۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے نے ان کے 16 ارب روپے پکڑے ہیں، مقصود چپڑاسی کے نام پر پیسے ہیں، عدلیہ سے پوچھتا ہوں سو موٹو نوٹس لیا، رات بارہ بجے عدالتیں کھلیں ؟ ملک کے 16 ارب روپے چوری ہوئے اور آپ کچھ نہیں کررہے، جب کسی چور ،ڈاکو کو انصاف کا نظام نہیں پکڑ سکتا وہ قوم تباہ ہوجاتی ہے، جب چوری کرکے ملک سے پیسا باہر بھیجا جاتا ہے تو روپے کی قدرگرتی ہے، جب سے یہ حکومت آئی ہے روپے کی قدر گررہی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button

Adblock Detected

We Noticed You are using Ad blocker :( Please Support us By Disabling Ad blocker for this Domain. We don't show any popups or poor Ads.