پاکستان
ہر گھنٹے بعد لوڈ شیڈنگ؛لاہور میں صورت حال تشویشناک ہوگئی
کوئلے اور آر ایل این جی پر چلنے والے پلانٹس کی بندش سے لاہور میں بجلی کی صورتحال تشویشناک ہوگئی۔
ذرائع کے مطابق پلانٹس کی بندش کے باعث لیسکو کا کوٹہ کم کرکے 3600 میگاواٹ کردیا گیا ہے جب کہ لیسکو ریجن میں بجلی کی طلب 4900 میگاواٹ ہے، یوں لیسکو ریجن میں شارٹ فال بڑھ کر 1300میگاواٹ ہوگیا ہے۔ لیسکوریجن کے شہری علاقوں میں ہر 2 گھنٹے بعد ایک گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے جب کہ دیہی علاقوں میں ہر ایک گھنٹے بعد ایک گھنٹے کے لیے بجلی بند کی جارہی ہے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ لاہور میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 8 گھنٹے ہوگیا ہے، دیہی علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 12گھنٹے تک پہنچ گیا ہے۔